اسلام آباد ( محمد ریاض اختر) ''نوائے وقت'' کی 85 ویں سالگرہ کے عدیم المثال موقع پر ممبر قومی اسمبلی انجم عقیل خان نے نظامی برادران کی قومی اور ملی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے رخشاں ، روشن اور تابناک 85 برس کی تکمیل پر ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دی۔ انجم عقیل خان نے کہا کہ ''نوائے وقت'' اور پاکستان لازم وملزوم کی ریشمی ڈوری میں بندھے ہوئے ہیں جنہیں جدا کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ پاکستان میں اور پاکستان سے باہر سب محبان وطن ''نوائے وقت'' کے مثالی اورتاریخی کردار کے معترف ہیں ، ملک وقوم پر جب آزمائش کے بادل آئے نوائے وقت ہمیشہ قوم کی رہنمائی اور ترجمانی میں سامنے آیا۔ ممبر قومی اسمبلی نے مئی 1998 کے ان لمحات کا بطور خاص تذکرہ کیا جب امریکہ اور عالمی طاقتیں پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے باز رکھنے کیلئے دباؤ ڈالتی رہں اسی دوران وزیراعظم میاںمحمد نوازشریف سے ملاقات میں محترم مجیدنظامی نے برملا کہا تھا ''میاں صاحب اگر آپ نے دھماکے نہ کئے تو قوم آپ کا دھماکہ کر دے گی ''سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے بند کمرہ اجلاس میںشرکت نہ کرکے پی ٹی آئی نے قوم کو تقسیم کرنے کی ناکام کوشش کی، 25 کروڑ افراد جان گئے کہ پاکستان اور قوم سے مخلص کون ہے؟ انجم عقیل خان نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی جماعتیں' ادارے اور شخصیات ڈائیلاگ کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرتی ہیں، پی ٹی آئی گفتگو کے در بند کرکے ''بند گلی کی سیاست'' کے جال سے باہر نہیں آتی۔ انہوں نے بتایا کہ قائد محترم میاں نوازشریف اور وزیراعظم میاںشہبازشریف پاکستان اور قوم کی خدمت کے لیے کوشاں ہیں وفاقی حکومت کی طرف سے اپوزیشن کیلئے قومی مسائل پر مذاکرات کی دعوت آج بھی موجودہے۔
قوم کی رہنمائی ‘ترجمانی میں نظامی برادران کا کردار قابل رشک ہے : انجم عقیل خان
Mar 24, 2025