تمام سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں: شجاعت‘ پرویز الٰہی،مونس الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صدر مسلم لیگ (ق) و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی، ایم این اے مونس الٰہی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ جنہوں نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن حاصل کیا۔ آج کے دن ہم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو غیر انسانی لاک ڈائون میں گزشتہ کئی سالوں سے زندگی بسر کررہے ہیں۔ ہم کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستانی قوم شانہ بشانہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تاکہ ہم ہر مشکل و آفت کا مقابلہ کرسکیں ۔ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا سنہرا دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔ آج کا دن ہمیں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ یوم پاکستان پر بحیثیت قوم ہم نے پاکستان کے موجودہ چیلنج کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔ جس جذبے کے ساتھ 23مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان منظور ہوئی۔ بحیثیت قوم ہم قائداعظمؒ اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنے والے مسلم لیگ کے اکابرین کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ 23 مارچ تاریخی اعتبار سے ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل دن ہے۔ انہوں کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ملک ہے اور ہم تمام مسائل کا پرامن حل چاہتے ہیں اور دنیا کو امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ان مسائل پر قابو پانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں گے جو ہماری ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کے لیے اپنا کردار بھر پور طریقے سے ادا کریں گے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات کو بھلا کر ایک مشترکہ لائحہ عمل اپنا ناہوگا۔ ملکی دفاعی اداروں اور پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملکی بقاء کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں انہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔