شاہ محمود قریشی کا چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ای سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم لی کی چیانگ کے وزیراعظم عمران خان کی کورونا سے جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناوں کے پیغام پر شکریہ ادا کیا۔ سٹیٹ کونسلر اور وزیرخارجہ وینگ ای نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے کورونا وبا سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں ملک بھر میں ویکسین کی فراہمی کے لئے تفصیلی منصوبہ بندی وضع کی ہے۔ کورونا سے موثرانداز اور سرعت کے ساتھ لڑنے کی پاکستان کی استعداد کار کو تقویت دینے کے لئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چین کے اپنے ہم منصب سے مارچ، اپریل دوہزار اکیس کے دوران کورونا ویکسین کی چین سے پاکستان کو فراہمی پر بات چیت کی۔ سٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وینگ ای نے یقین دلایا کہ وبا کے خلاف جنگ میں چین پاکستان کی بھرپور مدد جاری رکھے گا اور اپنے آزمودہ سدا بہار دوست کی ضروریات کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے 15 لاکھ ویکسین کی خوراکیں قبل ازیں پاکستان کو تحفے میں دینے پر چین کا شکریہ ادا کیا اور زور دیا کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اس ویکسین نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ دونوں وزرا خارجہ نے پاکستان چین ’’سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو شراکت داری‘‘ کو مزید گہرا کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے اعلی سطحی رابطے استوار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔