کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم شہر سے نکل چکا، اس کے باوجود آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بوندا باندی کا امکان ہے۔ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی شہر سے جا چکا ہے، مگر اب بھی بادل موجود ہیں جو ہلکی بارش برسا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 26 مارچ کو مغربی ہواؤں کے اسی سسٹم کا ایک اور حصہ شہرِ قائد میں داخل ہو سکتا ہے جس کے باعث مزید بوندا باندی ہو سکتی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 24 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر میں جنوب مغرب کی سمت سے ہوائیں چل سکتی ہیں، جبکہ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد ہے۔ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں مطلع ابر آلود ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع ژوب میں بارش کا امکان ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود ہے اور گزشتہ روز ہلکی بارش کے باعث موسم خوش گوار ہو گیا ہے، تاہم صبح کے وقت موسم میں ہلکی خنکی تھی، شہر میں کم سے کم درجۂ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، سبی، خضدار، پنجگور، قلات، تربت اور دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ضلع ہرنائی اور گرد و نواح میں موسلادھار بارش کے باعث نواح میں موجود ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آج صبح قلات میں کم سے کم درجۂ حرارت 5، تربت میں 7، ژوب میں 10، پنجگور میں 11 اور خضدار میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا جبکہ اس دوران ژوب میں بارش کا امکان ہے۔دوسری جانب راولپنڈی اسلام آ باد میں بارش کا سلسلہ رات سے جاری ہے۔محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024