پی ایس ایل کے فائنل میں میوزیکل پروگرام نہیں ہونا چاہئے تھا: خواجہ ندیم
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر خواجہ ندیم احمد کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ کی مسجد میں ہونیوالی دہشت گردی کے واقعے کے بعد پاکستان سپر لیگ فائنل کی تقریب سادگی سے ہونی چاہیے تھی شہداء کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے میوزک پروگرام نہیں ہونا چاہیے تھا۔ یہ سانحہ تھا، عالم اسلام غم میں ڈوبا ہوا تھا،غیر مسلم کرائسٹ چرچ کے شہداء کے ساتھ یک جہتی کا اظہار کر رہے تھے نیوزی لینڈ میں انفرادی طور پر اور سرکاری سطح پر سوگ کی کیفیت تھی۔ ان حالات میں کرکٹ بورڈ کی طرف میوزیکل پروگرام منعقد کرنا نامناسب تھا۔ ایسے غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کی ضرورت تھی۔ جب پر سطح پر مذمت ہو رہی ہے، ہر سطح پر دہشت گردی کے اس واقعے پر غم و غصّے اور دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے ہماری طرف سے پی ایس ایل فائنل پر میوزیکل پروگرام کا انعقاد سے شہداء کے ورثاء کو بھی تکلیف پہنچی ہو گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین اس معاملے پر بروقت بہتر فیصلہ کرنے میں ناکام رہے ہیں انکی ساری ٹیم اس غلط فیصلے میں برابر کی شریک ہے۔