پاکستان، آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ آج، شعیب ملک سیریز میں واپسی کیلئے پر عزم
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے شروع ہوگا۔ کینگروز کو سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، آسٹریلوی ٹیم نے گرین شرٹس کو پہلے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے زیر کیا تھا۔ پاکستانی ٹیم دوسرا ایک روزہ میچ میں جیت کر سیریز میں جاندار کم بیک کیلئے پر پر جوش ہے جبکہ دوسری جانب کینگروز ٹیم دوسرے میچ میں کامیابی سمیٹ کر سیریز میں برتری دوگنی کرنے کی خواہاں ہے اسلئے دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ 27 مارچ، چوتھا میچ 29 مارچ ، پانچواں اور آخری میچ 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔پاکستان کے خلاف آسٹریلوی سکواڈ میں کپتان ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ہینڈسکوم، شان مارش، مارکس اسٹونس،ایشٹن ٹرنر، گلین میکسویل، پیٹ کمنس، جیسن بینڈروف، جے رچرڈسن، نیتھن لیون، کین رچرڈسن، ایڈم زامپا اور نیتھن کولٹر نیل شامل ہیں ۔ قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ 16 رکنی قومی سکواڈ میں امام الحق، عابد علی، شان مسعود، عمر اکمل، حارث سہیل، عماد وسیم، فہیم اشرف، محمد رضوان، محمد عامر، جنید خان، محمد عباس، عثمان خان شنواری، یاسر شاہ، سعد علی اور محمد حسنین شامل ہیں۔ قومی کپتان شعیب ملک نے پہلے میچ میں بائولنگ کے دوران ابتدائی حملوں میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایرون فنچ اور شان مارش نے اننگز کو کنٹرول کرنے کے بعد اسے گہرائی تک پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ بہتری کی گنجائش رہتی ہے لیکن سیٹ ہو جانے والے کینگرو بیٹسمینوں کیخلاف اضافی سنگل دیئے گئے لہذا انہیں کچھ پہلوں پر بہتری درکار ہے۔انہوں نے انجری سے نجات کے بعد کم بیک کرنے والے حارث سہیل کو سنچری پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹنگ پاکستانی بیٹنگ لائن میں بہتری کی نشاندہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں سکور تین سو سے زائد ہونے چایئے تھے ‘کوشش کرینگے کہ دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے سیریز میں کم بیک کریں اور مقابلہ برابر کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بائولرز توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے اور دوسرے میچ میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔ دوسرے میچ کیلئے فائنل الیون کا اعلان میچ سے قبل کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو بتادیاہے کہ آسٹریلیا کے خلاف جیت کیلئے کھیل کے تمام شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہوگی ۔ پہلے میچ میں ہونے والی غلطیوں پر قابوپانا ہو گاتاکہ سیریز برابر کرسکیں ۔ ورلڈ کپ کے حوالے سے بھی سیریز اہمیت کی حامل ہے اور جو کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا سلیکشن کمیٹی اس کو میگاایونٹ کیلئے زیر غور لاسکتی ہے ۔