پاکستان کا مستقبل روشن، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال ہوگی: حسن علی
لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) ٹیسٹ فاسٹ باؤلر حسن علی کا کہنا ہے کہ آج پاکستان سے محبت کا دن ہے یہ دن ہمیں اپنے ملک سے جڑے رہنے اور اس ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے متحرک رکھتا ہے۔ یہ ملک ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہم نے مل کر متحد ہو کر اس ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔ اسکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے،ملک کے مسائل کو ختم کرنے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ وہ نوائے سے گفتگو کر رہے تھے۔ حسن علی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنا بہت بڑا اعزاز ہے جب بھی گرین شرٹ پہن کر میدان میں اترتا ہوں خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان تصور کرتا ہوں۔ گرین کیپ پر سٹار اور شرٹ کا سٹار ہی ہماری پہچان ہے۔ میں اس حوالے سے خوش قسمت ہوں کہ کیرئیر کے آغاز میں ہی اپنے میدانوں پر اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے کا موقع مل رہا ہے ہمارے کئی عظیم کھلاڑی لمبا عرصہ اپنے ہوم کراؤڈ پر کھیلنے سے محروم رہے ہیں۔ ہمیں یہ موقع مل رہا ہے۔ پاکستان اب ترقی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت بہتر ہو گئی ہے۔ دنیا واپس پاکستان کی طرف آ رہی ہے۔ کراچی میں ہونیوالے میچز سے دنیا کو ایک نئے، پرامن، مہذب، کھیل دوست اور بہترین میزبان کا پیغام گیا ہے۔ ہم مشکل دور سے نکل چکے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ہمیں تمام اہم دن بھر پور جذبے کے ساتھ منانے چاہئیں۔ ایسے تاریخی دن متحد کو کر منانے سے دنیا کو بہترین پیغام جائے گا۔23مارچ جوش و جذبہ سے منایا گیا ہے ۔ اس اتحاد نے ثابت کر دیا ہے کہ قوم سیاسی قیادت عسکری قیادت کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر حال میں ناکام بنانے کا عزم رکھتی ہے ۔ 23مارچ کے اتحاد نے دشمنوں پر واضح کر دیا ہے کہ ہم اپنے وطن کے دفاع کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دیں گے ۔ یہی جوش و جذبہ اور عزم ہماری ترقی کا ضامن ہے ۔ پاکستانی عوام نے بہت مشکل وقت گذارا ہے۔ ملک میں امن و امان کی بحالی میں افواج پاکستان کا بہت بڑا کردار ہے۔ افواج پاکستان کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں امن بحال کیا ہے۔ آج ہم آزاد اور پرامن ماحول میں زندگی بسر کر رہے ہیں تو اس کا کریڈٹ افواج پاکستان کو جاتا ہے۔ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بھی بحال ہو گی اس حوالے سے بہت اچھی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ کراچی میں پاکستان سپر لیگ میچز کے کامیاب اور پرامن انعقاد سے دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ہم پرامن اور کھیل دوست ہیں۔ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی پر خوش ہوں۔ خواہش ہے کہ رواں برس ہونے والے عالمی کپمیں قومی ٹیم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کروں۔ ہم چیمپئنز ٹرافی میں کامیاب ہوئے تھے عالمی کپ میں بھی وہی کارکردگی دہرانا چاہتے ہیں۔