یوم پاکستان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کا درس دیتا ہے‘ امیر العظیم
لاہور (سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ23مارچ کا دن تجدید عہد کادن ہے اوریہ ملکی بقا، سا لمیت ، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنی صفوںمیں اتحاد پیدا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ 23مارچ قرارد پاکستان ایک تاریک ساز دن ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ ریاست کی جدوجہد کے لیے یکجہتی کی راہ دکھائی اور صرف سات برسوںمیں مسلمانوں نے بانی وطن قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں عظیم ریاست کو حاصل کرلیا۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کی خاطر کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کیا جائے اور پاکستان کو اس کی اصل روح کے مطابق اسلامی شرعی نظام کے سانچے میں ڈھال کردنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔ پاکستان کو ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں قربانیاں دے کرحاصل کیا ۔ اس کی حفاظت کی ذمہ داری ہم سب کی ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ملک میں کرپشن ، رشوت خوری، میرٹ کی پامالی، لاقانونیت ، معاشرتی اخلاق کی تنزلی ا ور گراوٹ سمیت ان گنت مسائل ہیں ، جن سے پوری قوت اور سنجیدگی سے لڑنا ہو گا۔