حقیقی جمہوریت ہی ملکی ترقی بقائو سلامتی کی ضامن ہے:جواداحمد
لاہور ( کلچرل رپورٹر ) چیئرمین برابری پارٹی پاکستان جواد احمد نے کہا ہے کہ حقیقی جمہوریت ہی ملکی ترقی، بقائو سلامتی کی ضامن ہے،،قائد اعظم محمد علی جناح کی 11اگست والی تقریر ہمارے لئے مشعل راہ ہے اوران کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر بنانے کے لئے پاکستانی قوم کو مثالی اتحاد پیدا کرنا ہو گا۔پاکستان کے سفر کا آغاز23مارچ1940سے شروع ہوا لیکن ہم آج تک اپنی صحیح سمت کا تعین نہیں کر سکے ،سیاسی استحکام کے بغیر عوام کے معاشی حقوق کا تحفظ نا ممکن ہے ہمیں ملک و قوم کی ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کرنا چاہئے اور حکومت بھی معاشی خود کفالت کیلئے قومی پالیسی تیار کرئے۔ ان باتوں اظہار انھوںنے برابری پارٹی کے مرکزی دفتر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی خصوصی نشست میں اپنی گفتگو کے دوران کیں اس موقع پر ان کا مزید کہناتھا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان کو جدید جمہوری فلاحی ملک بنانے کے خواہا ںَ تھے ہمیںملک و قوم کی ترقی کے لیے اپنے اپنے حصے کا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، اپنی گفتگو کے اختتام پر چیئرمین برابری پارٹی نے اس امرکا اظہار بھی کیا کہ آج 24مارچ کو لاہور پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاج اور ریلی میں ہم حکومت سے یہ مطالبہ بھی کریں گے کہ حکومت اور سیاسی جماعتیں ملک میںقومی اقتصادی خود کفالت کی پالیسی اختیار کریں۔