مقبوضہ کشمیر: 7شہادتوں، لبریشن فرنت پر پابندی کیخلاف ہڑتال، جھڑپیں، 3نوجوان زخمی
سری نگر(کے پی آئی+صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر میں تازہ شہادتوں اورجموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) پر پابندی کے خلاف ہفتے کو مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کے گئے شمالی کشمیر میں احتجاجی ہڑتال کی گئی ۔ بھارتی فوج نے گزشتہ روز ریاستی دہشت گردی کی کارروائی میں 12سالہ عاطف شفیع سمیت7کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔ آرم پورہ میں تعینات فورسزپرمظاہرین نے شدیدپتھرائو کیاجس کے جواب میں فورسزنے آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ گن کا استعمال کیاجس کے نتیجے میں 3نوجوان عادل مشتاق ، عرفان مشتاق‘ عادل احمد پیلٹ لگنے سے بری طرح زخمی ہوگئے ۔اس دوران قصبہ سوپوراور اس کے مضافات میں تمام دکانیں،کاروباری ادارے،پٹرول پمپ اورسکول بند رہے جبکہ ٹریفک بھی سڑکوں سے غائب تھا ۔ اس دوران حکام نے شمالی کشمیر کے سکول 10 دنوں کے لیے بند کر دیے ہیں ۔ راجوری ضلع میں 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے نقصان دہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر اوپن ایئر قید خانے میں تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم واجپائی کشمیری رہنماوں سے ملے تھے یاسین سے بھی کشمیر کے سٹیک ہولڈر کے طور پر ملاقات کی گئی تھی ، میر واعظ عمرفاروق نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اس طرح کے حربوں سے کشمیر کی حقیقت تبدیل نہیں ہو گی۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمرعبداللہ نے کہا کہ کیا ساڑھے 4 سال پہلے لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک بھارت کے لیے خطرہ نہیں تھے ،اب چونکہ بھارت میں الیکشن آنے والے ہیں اس لیے ووٹوں کی خاطر پہلے جماعت اسلامی اور بعد میں لبریشن فرنٹ پر پابندی لگائی گئی گئی ۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے سید علی گیلانی پر 14.4لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔ بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے دعوی کیا ہے کہ سید علی گیلانی کے گھر چھاپے کے دوران دس ہزار امریکی ڈالر غیر قانونی رقم برآمد ہوئی تھی جس پر انہیں جرمانہ کیا گیا ہے ۔سید عبداللہ نے یوم پاکستان پرحکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دی ہے،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں گزشتہ روز(جمعہ )شوپیاںمیں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ فوجیوں نے یاسر احمد شاہ اور شوکت احمد نامی نوجوانوں کو گڑھہ پورہ شوپیاں میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پابندی سے نام نہاد دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔