کینیڈا میں ڈیم فنڈز کے لئے عمران کے مزید 2بلے 65000ڈالر میں نیلام
ٹورنٹو(صباح نیوز)کینیڈا میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا گیاجس میں اوورسیز پاکستانیوں نے ڈیم کیلئے دل کھول کر عطیات دیئے ۔ شہر کلرجی مونٹریال، ٹورنٹو اور اوٹاوا میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات ہوئیں ، سینٹر فیصل جاوید اورسابق چیف جسٹس ثاقب نثارنے فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی۔ عمران خان کے دستخط شدہ مزید 2بلے 30000 اور 35000 ڈالرز میں نیلام ہوئے۔کلرجی میں تقریب میں 425،786 ڈالرز کے عطیات جمع ہوئے جبکہ کینیڈا میں اب تک 20 لاکھ ڈالرز سے زائد کی رقم جمع ہوچکی ہے سینٹر فیصل جاوید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 50سال سے پاکستان میں کوئی ڈیم نہیں بنا، بہت جلد2 ڈیموں پر کام شروع ہو جائے گا،بیرون ملک پاکستانیوں کے تعاون سے یہ ڈیم بنائیں گے،سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہناتھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد ڈیم تعمیر کو روکا نہیں جاسکتا،وزیراعظم عمران خان کی دیانت داری پر کوئی شبہ نہیں۔