پاکستان ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
سیئول(آئی این پی)پاکستان 19ویں ایشین ٹیم سکوائش چیمپئن شپ سیمی فائنل میں پہنچ گیا، گرین شرٹس نے کوارٹر فائنل میں سنگاپور کو شکست دی، پاکستان ویمنز کو آخری دونوں میچز میں ہانگ کانگ اور جنوبی کوریا کے ہاتھوں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جنوبی کوریا میں کھیلے گئے مینز ٹیم ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم نے سنگاپور کو 2-0 سے ہرا دیا پہلے سنگل مقابلے میں پاکستانی کھلاڑی فرحان زمان نے سنگاپور کے ویویان کو 11-3، 11-2 اور 11-6 سے ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی، دوسرا سنگل مقابلہ نہیں ہوا، تیسرے سنگل مقابلے میں پاکستان کے عماد فرید نے سنگاپور کے تیموتھی کو 11-8، 11-5 اور 11-3 سے زیر کر کے ٹیم کو 2-0 سے کامیابی دلائی۔سیمی فائنل میں پاکستان کو ملائیشیا کا چیلنج درپیش ہو گا جس نے کوارٹر فائنل میں قطر کو شکست دی تھی۔