عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات میں شامل کیا جائے‘ ایاز صادق
اسلا م آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی سر دار ایاز صادق نے کہا ہے کہ دنیا کواس وقت شدید موسمی تبدیلیوںکا سامنا ہے اور یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ لوگوں کوموسمیاتی تبدیلیوں کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات میں شامل کیا جائے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اَرتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو پوری دنیا میں 24 مارچ کو منایا جار ہا ہے ۔سپیکر نے کہا کہ کثافتوں اور زہریلی گیسوں کے اخراج کو کم کرنے کے لیے پاکستان کی پارلیمنٹ کو مکمل طور شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے اور پارلیمنٹ کے استعمال سے زاید بجلی کو نیٹ میٹرنگ لا ئسنس کے ذریعے نیشنل گرڈ میں منتقل کیا جا رہاہے ۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے دیگر اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی پارلیمنٹ کو ماحول دوست بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی تقلیدکرتے ہوئے اپنے ملکوں میں بھی ایسے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ 24مارچ کو پارلیمنٹ ہائوس کی تمام روشنیاںرات 8:30 سے 9:30 تک گل کی جائیں گی ۔اس موقع پر قائم مقا م سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے پارلیمان اور عوام سے کہا کہ 24 مارچ رات کو 8:30 سے 9:30تک رضا کارانہ طورپر رو شنیوں کو گل کر کے بین الاقوامی برادری کے ساتھ ارتھ آور منائیں۔