پاکستان سپر لیگ فائنل کل ، شہر قائد سج گیا ، عوام خروش عروج پر
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ تھری کا فائنل کل اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائیگا۔ نیشنل سٹیڈیم میں کنٹرول قائم کر دیا گیا‘ 20ایل سی ڈیز کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائیگی۔سٹیڈیم کے اندر باہر 80کیمروں کی مدد سے نگرانی ہو گی۔ سٹیڈیم کے اندر باہر کی نقل و حرکت کاجائزہ لیا جائیگا۔ متصل سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے نمبر بھی کیمروں کی رینج میں ہونگے۔ کیمروں کا ریکارڈ دوماہ تک محفوظ رکھا جاسکے گا۔ نائٹ وژن کیمرے آدھا کلومیٹر دور تک دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 30سے 35 ہزار شائقین کوسیٹ بائی سیٹ مانیٹر کیا جاسکے گا‘مشتبہ حرکت پر سیٹ نمبر ریکارڈ کرکے پکڑا جاسکے گا۔ بم پروف بسیں لاہور سے کراچی پہنچ گئی ہیں جنہیں کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سٹیڈیم اور واپس لے جانے کیلئے استعمال کیا جائیگا۔ سکیورٹی اداروں نے بم پروف بسوں کیساتھ ٹیموں کو ہوٹل سے سٹیڈیم تک پہنچانے کی مشق کی اور روٹ سے ملحقہ سڑکیں بلاک کر دی گئیں‘ پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات تھے۔پاکستان سپر لیگ کی فائنلسٹ ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ رات گئے کراچی پہنچ گئی۔ کپتان مصباح الحق، فاسٹ بائولر محمد سمیع اور فہیم اشرف پہلے ہی پاکستان میں ہیں۔پاکستان آنیوالے یونائیٹڈ کے غیرملکی کھلاڑیوں میں سٹیون فن، لیوک رونکی، جے پی ڈومنی، چاڈوک والٹن اور سیموئل بدری شامل ہیں۔ شہرقائد کودلہن کی طرح سجادیا گیا۔اہم شاہراؤں پربرقی قمقمے ، کھلاڑیوں کی تصاویر، پوسٹرزاورہورڈنگز رونق بڑھارہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کے سر ویویون رچرڈز نے معین خان اکیڈی کا دورہ کی اور ننھے کرکٹرز میں گھل مل گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی محسو س کر رہاہوں ‘واپس جاکر دنیا بھر کو بتائوں گا پاکستان انٹر نیشنل کرکٹ کیلئے پر امن ملک ہے۔ احترام اور محبت دینے پر پاکستانی عوام کا شکر گزار ہوں۔پی ایس ایل فائنل ان لوگوں کیلئے کافی ہوگا یہاں آنے سے گھبراتے ہیں۔ایسی محبت کو کبھی نہیں بھول سکتا۔جس نے کوئٹہ کو ہرا یا ہے وہ فائنل جیتنے کا حقدار ہے۔مستقبل میں پی ایس ایل کے مزید میچز ہونگے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کرکٹ کی واپسی کا کریڈٹ عوام کو جاتا ہے۔ فائنل کے انتظامات مکمل ہیں ۔ جو ٹیم بھی جیتے وہ میری فیورٹ ہو گی ۔ سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے ۔