نوا ز شریف اپنے خلاف فیصلے آنے سے قبل ملک سے بھاگنا چاہتے ہیں: طاہر القادری
لاہور (صباح نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر ۱لقادری نے کہا ہے کہ نواز شریف حکومتی مدت مکمل ہونے اور کرپشن ریفرنسز پر فیصلے آنے سے پہلے ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنی جماعت کے اقتدار سے باہر ہو نے سے پہلے ملک سے باہر جانے کیلئے پر تول رہے ہیں۔تحریک بغاوت چلانے والے قومی مجرم نواز شریف اب کس منہ سے مذاکرات کی بات کر رہے ہیں؟۔نا اہل ن لیگ کو ڈھال بنانے کی بجائے احتساب عدالت میں لندن اثاثوں کی منی ٹریل دیں۔ اداروں کو دھمکیاں دینے والا ’’شیر‘‘ آج کل ڈھیر ہونے کیلئے بے چین ہے؟ شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء شریف برادران کا سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ٹرائل چاہتے ہیں ۔وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ نا اہل ٹولے نے 1997 ء کی طرح عدلیہ اور 1999 ء کی طرح فوج کو تقسیم کرنیکی ہر ممکن سازش کی،سینے میں چھپے ہوئے راز اگلنے کی دھمکیاں دے کر اداروں کو بلیک میل کرنیکی کی بھونڈی حرکت بھی کی مگر وہ کسی ہتھکنڈے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور اب مایوس اور خوفزدہ نواز شریف 31مئی سے پہلے ملک سے بھاگنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جناح ہسپتال، میو ہسپتال،گنگا رام ہسپتال سمیت تمام بڑے ہسپتالوں کی بولیاں لگ چکی ہیں،یہ ہسپتال پرائیویٹ مافیا کے ہاتھ چلے گئے تو پھر کسی غریب کو مفت میں ڈسپرین اور پینا ڈول بھی نہیں ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین،میٹرو بسیں اور قومی خرچے پر 56کمپنیاں چلانے والے قاتل اعلیٰ پنجاب سے ہسپتال اور تعلیمی ادارے کیوں نہیں چل رہے ؟