کراچی پی ایس ایل فائنل،ہوٹل والوں نے کرایوں میں اضافہ کر دیا
کراچی (سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے پاکستان کے مختلف شہروں سے تماشائیوں کی آمد کے سبب کراچی کے مختلف ہوٹلز کی روم بکنگ میں اضافہ ہوگیا جبکہ کرایوں میں بھی اوسط 15 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ہوٹل ریزرویشن اسٹاف نے کہا کہ ہفتہ اور اتوار کے لیے کمروں کی بکنگ میں معمول سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔اسٹاف کا کہنا تھا کہ کمروں کی زائد بکنگ کی وجہ سے اہم ہوٹلز 95 فیصد کمرے بْک ہوچکے ہیں۔درمیانے اور چھوٹے ہوٹلز میں بھی کمروں کی بکنگ میں اضافہ ہوا ہے اور کمروں کی دستیابی کم ہونے کی وجہ سے ہوٹلز کے کرایوں میں 15 فیصد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ہوٹل ریزرویشن اسٹاف نے کہا کہ پی ایس ایل دیکھنے کے لیے دنیا کے مختلف ممالک سے مہمان آرہے ہیں۔