سیدوالا: راوی پل کی تعمیر 19 سال بعد مکمل، وزیراعظم آج افتتاح کریں گے
سیدوالا (نامہ نگار) راوی پل سیدوالا کی تعمیرمکمل ، وزیر اعظم آج سیدوالا پہنچ کر پل کے افتتاح کا فیتہ کاٹیں گے اور نصیر الدین سٹیڈیم میں این ایچ اے کی بریفنگ میں شرکت کریں گے ۔ 19سال بعد مکمل ہونے والی پل کا نام تبدیل ، جلسہ نہ کرنے پر لیگی حلقوں اور پل سے اوکاڑہ کی طرف پختہ سڑک نہ ہونے پر عوام میں مایوسی ۔ تفصیل کے مطابق راوی پل سیدوالا جسے پہلے شیر شاہ سوری برج اب رائے منصب علیخاں برج کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے کا سنگ بنیاد آج سے 19سال قبل 13ستمبر 1999کو وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے رکھا۔ بالآخر پیپلز پارٹی کے سابق ایم این اے مہر سعید احمد ظفر پڈھیار کی کوششوں سے سابق وزیر اعظم سید یوسف رضاگیلا نی نے پل کی منظوری دی۔ مدت اور تعمیر کیلئے 18ماہ کا تعین کیا گیا۔ 2013ء میں مسلم لیگ ن کی حکومت آگئی اور اس کے ساتھ ہی راوی پل منصوبے کے ساتھ بھی وہی سلوک شروع ہوا جو پیپلز پارٹی کے دیگر منصوبوں کے ساتھ ہورہا تھا ۔ پل کی تعمیر سست سے سست تر ہوتی گئی۔ 3فروری 2017 کو راوی پتن سیدوالا پر ایک کشتی کا حادثہ ہوا جس پر میڈیا نے حادثے کی وجہ پل کو قرار دیا لیکن پل کی تعمیر پھر بھی اسی سست رفتاری سے جاری رہا ۔ 2018 ء آنے پر حکومت کو اس پل کی تکمیل کا خیال آیا ۔ تعمیر ی کام میں تیزی آئی اب پل کی تعمیر تقریباً مکمل ہوچکی ہے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے رائے نور احمد کھرل نے بتایا کہ پل سے اوکاڑہ کی جانب ایک پختہ سڑک موجود ہے اس سے آگے پختہ سڑک کا وجود ہی نہیں ۔ سڑک نہ ہونے سے پل کی افادیت ختم ہوچکی ہے ۔ اگر دریا میں تھوڑا سا پانی بھی آگیا تو یہ کچی گزر گاہ دریا برد وہوجائے گی۔