ملک سمیت د نیا بھر میں یوم پاکستان پر تقریبات: مقبوضہ کشمیر‘ سبز ہلالی پرچموں کی بہار
لاہور/اسلام آباد / سری نگر(کلچرل رپورٹر/سپیشل رپورٹ /نیوز ایجنسیاں ) 78 ویں یوم پاکستان کے سلسلے میں دبئی، چین، ترکی اور لندن سمیت دنیا بھر میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ،سبز ہلالی پرچم بلند کئے گئے ،بچے بڑے سب ہی پاکستان کی ثقافت کے رنگوں میں نظر آئے ، ملی نغمہ گا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا، مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی تقریب کا اہتمام کیا گیا ،آسیہ اندرابی نے قومی ترانہ پڑھا۔ دبئی میں پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی جانب سے شکریہ پاکستان کے نام سے یوم پاکستان کے 4 روزہ جشن کا اہتمام کیا گیا ہے۔چین کے دارالحکومت بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔تقریب کے آغاز پر پاکستانی سفیر مسعود خالد نے سرسبز ہلالی پرچم بلند کیا۔ترکی کے شہر انقرہ میں بھی یوم پاکستان کے موقع پر خصوصی تیاریاں کی گئیں۔استنبول میں برطانیہ اور ایشیا کوملانے والے پل کو پاکستانی پرچم سے روشن کیا گیا ۔یوم پاکستان کے حوالہ سے 23 مارچ کی صبح پاکستانی ہائی کمیشن سری لنکا میں ایک رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔دبئی میں برج خلیفہ کو پاکستانی پرچم کی روشنی سے روشن کیا گیا۔ بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں تمام تر پابندیوں کے باوجود یوم پاکستان منایا گیا اور کشمیریوں کی جانب سے پاکستان کے قومی پرچم لہرائے گئے اور قومی ترانہ بھی پڑھا گیا۔ آسیہ اندرابی نے دو قومی نظریہ کے حوالے سے بات چیت کی اور پاکستان سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے نعرے بھی لگائے ان کا کہنا تھا برصغیر میں رہنے والے تمام مسلمان پاکستانی ہیں۔ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے حوالے سے قومی دن کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا مختلف ممالک کے سفیروں، سفارتی عملے اور جاپانی حکومت کے اعلیٰ حکام، دفاعی اتاشیوں، تھینک ٹینکس ،تعلیمی اداروں کے سربران، میڈیا کے ارکان، کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے اہم اراکین سمیت جاپان میں مقیم پاکستانی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سنگا پور میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز ہائی کمشنر نصراللہ خان نے قومی پرچم لہرا کر کیا۔ بینکاک میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم پاکستان کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو قائد کی امنگوں کے مطابق ڈھالنے کے لئے دن رات محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ ادھر بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کے خلاف ظلم وجبر کا سلسلہ جاری رکھا جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے آری ہل علاقے میں کریک ڈاون کے دوران بھارتی فوج نے 14 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ پاکستان کشمیریوں اور دنیا کی دیگر محکوم اقوام کے حق میں اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔ اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی اور انہیں بیرون وادی جیلوں میں منتقل کرنے کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جامع مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ محمد یاسین ملک نے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جیلوں میں نظر بند قیدیوں کے تئیں ریاستی حکمرانوں کی جانب سے اختیار کی جارہی پالیسیوںکو حد درجہ انتقام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کا طرز عمل خود ان کے عدلیہ کے فیصلوں کے منافی ہے۔تھائی لینڈ‘ سنگا پور میں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ڈھاکہ سے موصولہ پیغام کے مطابق شاہ فیصل کاکڑ نے اپنے خطاب میں پاکستانی برادری کو یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد دی اور اتحاد‘ تنظیم اور نظم کے سنہرے اصولوں پر کاربند رہنے کی ضرورت پر زوردیا۔واہگہ بارڈر اور گنڈا سنگھ بارڈر پر روزانہ کی طرح سورج غروب ہونے سے قبل پرچم اتارنے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین، بچوں، بزرگوں، جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، رینجرز کے جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا اور اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگاتے رہے۔لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی جس میں پاک فضائیہ کے ایک چاک و چوبند دستے نے حفاظتی فرائض سنبھالے۔پاک فوج کے زیراہتمام یوم پاکستان پر پولو گرائونڈ کوئٹہ میں رنگا رنگ تقریب ہوئی۔ تقریب میں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی‘ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے شرکت کی۔ لاہور میں یوم پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا، سکولوں کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر اداروں میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا، نوائے وقت سمیت دیگر اخبارات نے اس دن کی مناسبت سے خصوصی ایڈیشنز شائع کئے۔ ریڈیو ، ٹی وی چینلز نے یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پروگرام او رملی نغمے پیش کئے ، یوم پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں کے ٹو کنگز کے صدر علی طاہر اور مقصود چغتائی کی قیادت میں موٹرسائیکل سواروں کا قافلہ دو روز قبل 7 ہزار کلومیٹر سفر پر روانہ ہوا، اب میانوالی پہنچ گیا ہے جہاں ان کے اعزاز میں میانوالی پریس کلب نے استقبالیہ دیا۔