3 انسانی سمگلر گرفتار، سعودی عرب سے ڈیپورٹ ہوکر آنیوالے 215 پاکستانی لاہور پہنچ گئے
لاہور (خبر نگار + این این آئی) ایف آئی اے لاہور نے انسانی سمگلروں کے خلاف مہم کے دوران 3 انسانی سمگلروں کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر چودھری محمد احمد کے احکامات پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر احسن باجوہ نے بدنام انسانی سمگلروں عمر حنیف، ریاست علی اور نذیر احمد کو گرفتار کیا۔ عمر حنیف نے مدعی امجد مشتاق سے ترکی کے ورک ویزا کیلئے 3 لاکھ 70 ہزار اور نذیر احمد نے ابوظہبی کے ورک ویزا کیلئے محمد امتیاز سے 5 لاکھ اور محمد سلیم سے سعودی عرب کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار وصول کئے تھے۔ دریں اثناء سعودی عرب نے 215 پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کردیا۔ سعودی عرب سے ڈی پورٹ ہونے والے 215 پاکستانی سعودی ائر لائن کی پرواز 3732 کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پہنچے جہاں امیگریشن حکام نے ضروری کارروائی کے بعد گھروں کو جانے کی اجازت دیدی۔