فرانس: سپرمارکیٹ میں داعش کے دہشتگرد کی فائرنگ‘ 3 شہری ہلاک‘ 16 زخمی
پیرس (اے ایف پی) جنوب مغربی فرانس کی سپر مارکیٹ میں دہشت گرد تنظیم داعش کی وفاداری کا دعویٰ کرنے والے مسلح شخص کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 16زخمی ہوگئے، مسلح شخص نے سپر مارکیٹ میں موجود متعدد افراد کو یرغمال بھی بنائے رکھا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ طریبس کے علاقے میں واقع ’’سپریو‘‘ سٹور میں حملے کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے ملزم مراکشی تھا جسے جوابی فائرنگ میں مار دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلح شخص نے سپر مارکیٹ میں داخل ہونے سے قبل ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بھی لگایا۔ مقامی پراسیکیوٹر کے آفس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ‘ مسلح شخص نے داعش کے وفادار ہونے کا نعرہ لگایا، جبکہ واقعہ کو دہشت گرد حملے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے بعد سپر مارکیٹ کے اطراف عوام کو جانے سے روک دیا گیا ہے۔ فرانس کے وزیر اعظم ایووارڈ فلپ نے کہا کہ یہ ایک ’خطرناک‘ واقعہ ہے۔