ترقی یافتہ ممالک میں رشوت، کرپشن اور منافقت کی سیاست نہیں چلتی،پرویزخٹک
پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ترقیافتہ ممالک میں رشوت، کرپشن اور منافقت کی سیاست نہیں چلتی مگر ہمارے روایتی حکمرانوں نے ان برائیوں کو اپنی سرپرستی میں فروغ دیا اورملک و قوم کی جڑوں کو کھوکھلا کیا ۔ پاکستان کو درپیش خطرات اور چیلنجوں سے نمٹنے اور دیگر قومی مسائل کا حل صرف ایماندار قیادت سے ممکن ہے ۔اب تک اس ملک کو چور اور ڈاکولوٹتے رہے جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑا۔ عمران خان کی صورت میں پاکستانی قوم کوبہترین لیڈر ملا ہے اگلے عام انتخابات میں عمران خان کو وزیراعظم منتخب کرنے کا سنہری موقع ہے کیونکہ وہ ملک کے مسائل حل کرنے اور چوروں اور لٹیروں سے نمٹنے کے علاوہ لوٹا ہوا خزانہ واپس لانے کی بھرپور صلاحیت ر کھتے ہیں ۔قوم یہ موقع ضائع نہ ہونے دے ۔ اب تک یہاں چند ڈاکوئوںکا راج رہا جو عوام کو سبز باغ دکھا کر حکمران بننے اور قومی خزانہ لوٹنے کے ماہر بن چکے ہیں مگر اب تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے پی ٹی آئی میں دوسری جماعتوں سے لوگوں کی جوق در جوق شمولیت عوام کا عمران خان پر اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔