’’دشمن سے مقابلے کیلئے قوم کو سیسہ پلائی دیوار بنائیں گے‘‘
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر لاہور سمیت چاروں صوبوں و آزاد کشمیر کے مختلف شہروں و علاقوں میں استحکام پاکستان کارواں، جلسوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا گیا جن میں مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے خطابات کئے۔ لاہور میں چوبرجی سے اسمبلی ہال تک استحکام پاکستان کارواں کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مذہبی و سیاسی قائدین پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا امیر حمزہ، محمد یعقوب شیخ، ابوالہاشم ربانی، حافظ خالد ولید و دیگر نے کہا ہے کہ ہم نظریہ پاکستان کا تحفظ اور قوم کو دشمن کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیوار بنائیں گے۔ بلوچستان میں نسلی عصبیت او ر گروہی سیاست کو پروان چڑھانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔ بھارت سے دوستی و تجارت کیلئے نظریہ پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں قوم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ شرکاء نے پاکستان کا مطلب کیا‘ لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ چوبرجی چوک سے اسمبلی ہال تک کارواں کے شرکاء موٹر سائیکلوں اورگاڑیوں پر سوار تھے جبکہ سینکڑوں افراد پیدل بھی چل رہے تھے۔ شرکاء کی کثیر تعداد نے سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان سے رشتہ کیا، لاالہ الااللہ، مودی کا جو یار ہے غدار ہے، غدار ہے، کشمیریوں سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ، نظریہ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے جیسے نعرے لگاتے رہے۔ جلسہ سے خطاب میں ابوالہاشم ربانی نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کو مبارک ہو، قائداعظم کی قیادت میں قرارداد پاکستان کو منظور کروانے کے لئے اسی شہر لاہور کا انتخاب کیا گیا تھا۔آج 23مارچ ہے ،ہم اسی جوش،جذبے ،ولوے سے اعلان کرتے ہیں کہ اگر اس وقت پاکستان بنانے کے لئے عزم کیا گیا تھا کہ بٹ کے رہے گا ہندوستان، بن کر رہے گا پاکستان تو ہم بھی اب یہ عزم کرتے ہیں کہ پاکستان مضبوط و مستحکم ہو گا اور کشمیر بھی آزاد ہو گا۔ حافظ خالد ولید، مولانا ادریس فاروقی،حافظ مسعود الرحمان جانباز، اسحاق قاسم، حافظ احسان الہی، میاں محمود، حافظ اشفاق، حافظ ابتسام ،ملی رکشہ یونین کے رہنما شیخ نعیم ،مزدوررہنما فیاض خان ودیگر نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ ہے لیکن افسوس کی آج تعلیمی اداروں سے اس نظریئے کو نکالا جا رہا ہے۔ افسانے اور کہانیاں تعلیمی اداروں کے نصاب میں شامل کر دی گئی ہیں۔ نظریہ پاکستان کے محافظ میدان میں آ چکے ہیں اور منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔ نوجوان نظریہ پاکستان کے لئے کردار ادا کریں۔ فیصل آباد میں نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام ہلال احمر چوک سے گھنٹہ گھر چوک تک بڑے نظریہ پاکستان کارواں کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ملتان میںدولت گیٹ چوک سے نواں شہر چوک تک نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام کارواں نکالا گیا۔ کراچی میں یونیورسٹی روڈ سفاری پارک سے مزار قائد تک نظریہ پاکستان کارواں کا انعقاد کیا گیا۔ راولپنڈی میں صدر سے لیاقت باغ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مولانا عبدالرحمان نے کی۔ پشاور میں فوارہ چوک صدرسے پریس کلب تک نظریہ پاکستان ریلی نکالی گئی گوجرانوالہ میں مرکز اقصیٰ سے شیرانوالہ باغ تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت احسان اللہ نے کی۔
استحکام پاکستان کارواں