کراچی کے زخمو ں پر مر ہم رکھنے کی ضرورت ہے ، سردار رحیم
کراچی( اسٹاف رپورٹر) فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار رحیم نے کہا ہے کہ آنے والا وقت فنکشنل مسلم لیگ کا ہے سندھ سے لوٹ مار کی سیاست کا خاتمہ قریب ہے کراچی کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے یہ بات انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر فنکشنل لیگ کے تحت کراچی کے تمام اضلاع میں لگائے گئے کیمپوں کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ فنکشنل لیگ کے کارکنان کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات کیمپس لگائے گئے تھے جہاں دن بھر کارکنان کا جم غفیر لگا رہا، ملی نغمے بجائے گئے اور قومی گیتوں اور ڈھول کی تھاپ پر فنکشنل لیگ کے کارکنان نے والہانہ رقص کیا۔ صوبائی رہنماؤں کا کیمپوں میں آمد پر کارکنان کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ صوبائی جوائنٹ سیکریٹری اور کنوینر کراچی کمیٹی ارشد شر بلوچ سردار رحیم کے ہمراہ تھے سردار رحیم کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ناقص اور لْوٹو کھسوٹ کی پالیسی نے روشنیوں کے شہر کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا ہے آج بدقسمتی سے کچرا اس شہر کی پہچان بنا دیا گیا ہے۔ لیکن ہم عہد کرتے ہیں کہ اس شہر کی روشنیوں کو بحال کرینگے انہوں نے کہا کہ زندہ دلان کراچی باشعور شہری ہیں پاکستان کو بچانے کے لئے کراچی کے شہریوں کو کردار ادا کرنا ہوگا ہمیں پاکستان کو ترقی کی راہ پر چلانے کے لئے جدوجہد کرنا ہے انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برسوں سے حکومت لوٹ مار میں مصروف ہے پیپلزپارٹی کی خراب طرز حکمرانی سندھ کو بنجر کردیا گیاہے ہر جگہ کرپشن کا بازار گرم ہے تعلیم صحت کے شعبے زوال پزیر ہیں پینے کا صاف پانی ناپید ہے سردار رحیم نے کہا کہ کراچی کے لوگوں میں جذبہ ہے آپ آگے آئیں اور فنکشنل لیگ کو جوائن کریں پیر صاحب پاگارا کے ہاتھ مضبوط کریں فنکشنل لیگ ہی واحد جماعت ہے جو فیڈریشن کی بات کرتی ہے۔
سردار رحیم