وزیراعظم سے سری لنکن صدر کے مذاکرات‘ متعدد ایم او یوز پر دستخط
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ملاقات کی۔ دونوں راہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات‘ علاقائی مسائل اور دوسرے ایشوز پر بات چیت کی۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کے متعدد یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ سری لنکا کے صدر جب وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو ان کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خیرمقدم کیا۔ بعدازاں دونوں ممالک کے درمیان راہنماؤں کی موجودگی میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ فارن سروسز اکیڈیم پاکستان اور بندرا نائیکے انٹر نیشنل ڈپلومیٹک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے درمیان ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ سری لنکا کی وزارت اقتصادی امور اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے درمیان یوتھ ڈویلپمنٹ کے لئے ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔ نیشنل سکول آف پبلک پالیسی آف پاکستان اور سری لنکا انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ ایڈمنسٹریشن سری لنکا کے درمیان بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم کو 10 قورنیا کا تحفہ دیا جو پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کے علاج میں استعمال ہوں گے۔ وزیراعظم اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ’’ون آن ون‘‘ ملاقات اور بعدازاں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ ان مذاکرات میں دونوں ممالک نے توقع ظاہر کی کہ دوطرفہ تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔ سری لنکا کے صدر نے پاکستان میں سارک کانفرنس کے انعقاد کی حمایت کی۔
وزیراعظم/ سری لنکن صدر