بلڈ ٹرانسفیوژن سروسر بہتر بنانے کےلئے میکنزم مرتب کیا جائے گا: سلمان رفیق
لاہور( کامرس رپورٹر)صوبہ میں بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کو مزید بہتر بنانے اور عطیہ کئے گئے خون کی سکرینگ کے طریقہ کار، خون اور خون کے اجزاءکی ترسیل اور ضرورت مند مریضوں تک فراہمی کےلئے جدید میکنزم ترتیب دینے کےلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ادارہ انتقال خون (IBTS)کو مزید فعال بنایاجارہاہے ۔یہ بات صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن (ادارہ انتقال خون) کے معاملات کو بہتر بنانے اور مستقبل کی ضروریات کے تعین کےلئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔
اجلاس میں ڈائریکٹر IBTS ڈاکٹر ظفراقبال ، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر (ٹیکنیکل ) ڈاکٹر سلمان شاہد ، پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے نمائندے ڈاکٹر اشفاق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی -ڈاکٹر ظفر اقبال نے بتایاکہ سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، گجرات ، سرگودھااور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ملتان کے بلڈ بنکس کے اتنظامی امور بھی ادارہ انتقال خون پنجاب کے سپرد کردیئے گئے ہیں -اجلاس میں ادارہ انتقال خون کو مزید بہتر بنانے اور آئندہ سال کےلئے مالی وسائل کی فراہمی کے حوالے سے معاملات زیرغور آئے -