قرارداد پاکستان اسلامیان برصغیر کے فولادی جذبوں کی ترجمان ہے: اشرف آصف جلالی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہﷺ کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں ’’یوم قرارداد پاکستان‘‘ کی یاد میں نظام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے مرکزی چیئرمین ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاقرارداد پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے فولادی جذبوں کی ترجمان ہے۔قرارداد پاکستان کے اصولوں کو پس پشت ڈالنے پر پاکستان عدم استحکام کاشکار ہے۔سیاسی اقدار کا دم گھٹنے سے ملک کے مقدس ایوان منڈی مویشیاں کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔سیاست کے نام پر کرپشن،غنڈہ گردی اور ناانصافی کے دھندے سے لفظ سیاست اپنا مقام کھو چکا ہے۔نظام پاکستان کے خدوخال یورپ کی تقلید یامغربی جمہوریت سے نہیں قرآن وسنت اور خلافت راشدہ سے استوار ہونے چاہیے۔ملک لوٹنے والوں کا احتساب نہ ہونے کی وجہ سے قوم خوشحالی کی صبح طلوع ہونے سے ناامید نظر آرہی ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ ﷺ نے7 اپریل کو مینار پاکستان میں تاریخ ساز نظام مصطفیٰؐ کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔