گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ کی کابینہ کے ہمراہ مزار قائداعظم پر حاضری
کراچی (وقائع نگار)گورنر سندھ محمد زبیرنے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ یوم پاکستان کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی ،مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ مزار پر رکھی گئی مہمانوں کی کتاب میں گورنر سندھ نے اپنے تاثرات میں تحریر کیا کہ عظیم قائد کی عظیم کامیابیوں ، کاوشوں اور انتھک جدوجہد کے نتیجے میں آج ہی کے دن 23 مارچ1940 ء کو مینار پاکستان پر جو ش و خروش ، انقلابی جذبے اورآزاد ریاست کے قیام کے لئے قرارداد پاکستان پیش کی گئی،یہ سب کچھ ایک عظیم قائد کی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعہ سے ہی ممکن ہو سکا ، آج پوری قوم اپنے قائد کے رہنما اصولوں کے مطابق ملک خداداد کو ترقی ، خوشحالی و کامرانی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم سے سرشار ہے ،عظیم قائد کے رہنما اصول ہی ہماری کامیابی کی ضمانت ہیں ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یوم پاکستان پر پوری قوم کو دلی مبارکباد قبول ہو، یہ تاریخ کا اہم ترین دن ہے اس روز ہم اپنے قائد کے رہنما اصولوں پر عملدرآمد، ملک کی سلامتی ، استحکام ، ترقی اور خوشحالی کے عزم کا اظہار کرتے ہیں،یہ آزاد ریاست کے حصول کی لازوال کامیابی کی شروعات تھی جسے عملی جامہ عظیم قائد، قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے اپنی ولولہ و سحر انگیز قیادت کے ذریعہ پہنایا ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان با الخصوص معاشی شہ رگ کراچی کے حقائق کو دنیا بھر میں روشناس کرانے کیلئے مثبت سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
گورنر/وزیراعلیٰ حاضری