پانی کی منصفانہ تقسیم کیلئے مصروف عمل ہیں:خالد محمود شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کہا ہے کہ واٹربورڈ ملک کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی حب کراچی کواس کی ضرورت سے کہیں کم دستیاب پانی کی فراہمی اور اس کی منصفانہ تقسیم کیلئے دن رات مصروف عمل ہے، پانی بہت بڑی نعمت ہے ،کراچی کیلئے سیکڑوں کلومیٹر سے پانی لانا اور اس کو شہرمیں منصفانہ طریقے سے تقسیم کرنا کٹھن کام اور ذمہ داری ہے ،محدود وسائل کے باوجود واٹربورڈ یہ ذمہ داری بہ احسن وخوبی ادا کررہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ واٹرڈے کے موقع پر منعقدہ واٹربورڈ کے افسران کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب اور ملاقات کیلئے آنے والے شہریوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، حکومت سندھ کے تعاون سے شہریوں کیلئے اضافی پانی کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہے ہیں ،شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کے احکامات پر خصوصی اقدامات کیئے جارہے ہیں ،دنیا بھر میں موسمی تبدیلی سے مستقبل میں پیدا ہونے والے فراہمی ونکاسی آب کے ممکنہ چینلجوں سے نمٹنے کیلئے واٹربورڈ بھرپور منصوبہ بندی کررہا ہے ،شہریوںکو پانی اور اس کے استعمال میں کفایت شعاری کی اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے واٹربورڈ خصوصی آگاہی مہم شروع کرے گا ،اس مقصد کیلئے پبلک ریلشنز ڈپارٹمنٹ کو مزید فعال اور جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا۔