مشرف کی وطن واپسی
آجکل ہر مسئلہ میں نواز لیگ کے ر لیڈرکی تقریباً ہر تقریر میں ، ہر دوسرے ٹی وی چینل کے ہر دوسرے ٹاک شومیں جنرل پرویز مشرف کی گرفتاری کے مطالبے ، انہیں انٹر پول کے ذریعے وطن واپسی لا کے جیل میں ڈالنے کی گفتگو ،نام نہاد دانشوروں کے مشرف دور حکومت کے حوالے سے بے بنیاد تنقیدی تجزیئے ایک مسلسل دردِ سر کی صورت اختیار کر چکے ہیں ۔شاید نواز لیگ والے یہ بھول چکے ہیں کہ ان کے نوازشریف کے نا اہل ہونے اور مشرف صاحب کے ملک سے باہر ہونے میں زمین وآسمان کا فرق ۔مشرف صاحب اپنے دور حکومت میں اور اس کے بعد بھی آج تک ہر فورم پر اور مختلف میڈیا چینلز پر بھارت کو ہر حوالے سے کھرے جواب دیتے نظر آتے ہیں۔ایک جرلی سپہ سالار اور باوقار پاکستانی قیادت کے منصب کی لاج رکھتے ہوئے انہیں نے صرف کارگل ہی نہیں بلکہ ہر سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھی انڈیا کے دانت کھٹے کئے۔ جبکہ نواز شریف صاحب باوجود وزارت عظمیٰ کے منصب پر ہوتے ہوئے کلبھوشن کے خلاف ایک جملہ ادا نہ کر سکے۔اپنی رگوں میں کشمیری خون دوڑنے کا دعویٰ کرنے والوں کو کون یہ بتائے گا کہ ان کی جماعت کے دورِ حکومت میں ہی لائن آف کنٹرول کی تاریخ کی بدترین خلاف ورزیاں ہوئیں اور دونوں طرف کے جتنے کشمیری شہید ہوئے وہ تاریخ کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ حتیٰ کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مظفر آباد میں ہونے والی تقریب میں راجہ فاروق حیدر اور ن لیگ کی تمام قیادت ہونے کے باوجود نواز شریف صاحب نے بھارتی غاصبوں اور بھارتی چیرہ دستیوں کی مذمت میں ایک جملہ تک کہنا پسند نہ کیا۔ آج 1937ء سے اپنی تجارتی سرگرمیوں اور کامیابیوں کا دعویٰ کرنے کشمیر ی نژاد نواز شریف کاش کہ ان مظلوم کشمیریوں کے خون کا سودا نہ کرتے جو اللہ تعالیٰ کے بعد صرف پاکستان کو اپنا مدد گار سمجھتے ہیں ۔کاش کہ وہ بھارت اور بھارتی لیڈران سے راہ ورسم بڑھا کر اپنی تجارت کا باغ بے بس کشمیریوں کے لہو سے نہ سینچتے۔جبکہ پرویز مشرف نے کشمیری نہ ہوتے ہوئے بھی نا صرف یہ معرکہ کارگل سر انجام دیا بلکہ اس کے بعد بھی اس مسئلہ کے مستقل حل کیلئے اپنی توجہ مرکوز کئے رکھی اور بالاخر واجپائی کے ساتھ ملکر ایک ایسا فارمولا بھی تشکیل دیا کہ جسکی رو سے دونوں طرف کے کشمیری ایک مدت کیلئے اکھٹے رہنے کے بعد ، اقوام متحدہ کی افواج کی زیر نگرانی اپنا حق خود ارادیت استعمال کرتے ہوئے مستقل طور پر اپنے مستقبل کا تعین بھی خود کر سکتے ہیں۔لیکن سابق چیف جسٹس کی مہم جوئی اور سیاسی ریشہ دوانیوں کے باعث مشرف صاحب نے اپنا عہدہ برقرار نہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور یوں یہ فارمولا عملی تشکیل نا پا سکا جس کی سزا آج بھی ہم کشمیری بھگت رہے ہیں۔مریم صاحبہ کو نواز شریف اور مشرف صاحب میں یہ فرق بھی ہے کہ صدر مشرف کے دورِ حکومت میںسرکاری خرچہ پر ذاتی میڈیا سیل نہیں چلایاگیا بلکہ مشرف صاحب کی تمام وزراء کو ہدایت تھی کہ وہ اپنی وزارت کے حوالے سے ہونے والے تمام اقدامات کا دفاع خود کریں اور وہ بذات خود اپنی حکومت کے حوالے سے ہر جوابدہی کے لئے ہمیشہ میڈیا کو میسر رہے۔آج پرویز مشرف پر لال مسجد کے آپریشن کے حوالے سے الزامات عاید کرنے والے میڈیا پرسنز یہ کیوں بھول گئے ہیں کہ جب لال مسجد کے ڈنڈے بردار طلباء مسجد کے ارد گرد میوزک شاپس اور سی ڈیز کی دکانوں کے شیشے توڑ رہے تھے ،بر قع کے بغیر خواتین ڈرائیورز کی گاڑیوں پر ڈنڈے برسا رہے تھے تو یہی اینکرز ان کو ریاست کے اندر ریاست قائم کرنے کی اجازت دینے کا ملزم ٹھہرا رہے تھے اور اس بات پر حیرانی کا اظہار فرما رہے تھے کہ پارلیمنٹ سے اس قدر قریب ہونے کے باوجود حکومت نے کس طرح لال مسجد کے کرتا دھرتائوں کو اس قدر چھوٹ دی ہوئی ہے کہ وہ سیکورٹی رسک بن چکے ہیں ایک مسجد ، اللہ کے گھر سے اسلحہ بردار طلباء وطالبات کی گرفتاریاں کسی فاتر العقل پر بھی یہ واضح کر سکتی ہے کہ اس عبادت گاہ کو صرف عبادت ہی نہیں بلکہ دیگر مقاصد کیلئے بھی استعمال کیا جا رہا تھا اور اس پر حکومتی رٹ کا نفاذ پرویز مشرف کا گناہ نہیں بلکہ بحیثیت صدر ملک وقوم ان کی ذمہ داری تھی۔ وہ ملک سے فرار نہیں ہوئے بلکہ علاج کی غرض سے ملک سے باہر مقیم ہیں اور اپنی ہر گفتگو میں وہ اس عزم کا اعادہ کرتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ وہ جلد ہی اپنے عزیز وطن ’’پاکستان ‘‘ واپس لوٹیں گے اپنے خلاف مقدمات کا عدالت میں سامنا کریں گے اور اپنے روز اول کے نعرہ ’’سب سے پہلے پاکستان ‘‘ کے حوالے سے منظم کردہ اپنی سیاسی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کی قیادت کرتے ہوئے بھر پور طریقے سے سیاسی عمل میں حصہ لیں گے۔ اور اس حوالے سے پاکستان کے تقریباً ہر شہر میں اے پی ایم ایل کے کارکنا ن ڈاکٹر امجد کی سیاسی بصیرت اور قیادت کے ہمراہ اپنے محبوب قائد پرویز مشرف کی وطن واپسی کے شدت سے منتظر ہیں۔ میاں صاحب کا نظریہ صرف ’’نظریہ ضرورت‘‘ تھا کہ کہاں ،کب اور کس طریقے سے غریب مال بنایا جائے جس پر ان کے رفقائے کار نے آنکھ بند کر کے پیروی کی جس کا اندازہ روزانہ نیب کے نئے کھلتے ہوئے کیسز سے کیا جا سکتا ہے جبکہ مشرف صاحب کا صرف ایک ہی نظریہ تھا جو کہ ہر محبت وطن پاکستانی کا ہونا چاہیے’’یعنی سب سے پہلے پاکستان‘‘آج پرویز مشرف کے خلاف بولنے والے در اصل ان کی وطن واپسی سے خائف ہیںکیونکہ انہیں معلوم ہے کہ عوام کا حافظہ اتنا کمزور نہیں انہیں یاد ہے کہ سید پرویز مشرف کی حکومت ہی میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے پہلی دفعہ نجی ٹی وی چینلز کو نشریات کی اجازت دی گئی ، صحافیوں اور اخباروں پر کبھی بھی کسی قسم کی قدغن نہیں نہیں لگائی گئی اور نہ ہی انہیں اشتہارات کی فراہمی کے حوالے سے بلیک میل کر کے اپنی مرضی کی خبر یں چلانے پہ مجبور کیا گیا۔سیاسی ایوانوں میں خواتین کیلئے نمائندگی مختص کی گئی۔دفاعی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ، ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں بے تحاشہ ترقی ہوئی۔مزدوروں اور کسانوں کیلئے آسان قرضے متعارف کرائے گئے۔زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کرکے ملکی معیشت کو استحکام بخشا گیا آج پھر پاکستان کے عوام اپنے دلیر لیڈر اور محب وطن قائد کی وطن واپسی کے منتظر ہیں کہ سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ کا خالق ہی پاکستان سے سب سے زیادہ مخلص ہے۔