ملکی مسائل کا حل نظریہ پاکستان اور نفاذ اسلام میں ہے: حمید گل
اسلام آباد (ثناء نیوز) پاکستان کے تمام مسائل کا حل اقبالؒ اور قائداعظمؒ کی تعلیمات کے مطابق نظریہ پاکستان اور نفاذ اسلام میں ہے۔ امن صرف مذاکرات کے ذریعے ہی قائم کیا جاسکتا ہے۔ امید کرتے ہیں قوم بانیانِ پاکستان کی خواہشوں کے مطابق پاکستان کو حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے اپنے فرض کو کبھی نہیں بھولے گی۔ ان خیالات کا اظہار میثاق ریسرچ سنٹر اور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے اشتراک سے منعقدہ اقبال اور نظریہ پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حمید گل ، پروفسیر فتح محمد ملک، جنرل اسد درانی، ڈاکٹر محمد ایوب اور ڈاکٹر خادم حسین ڈھلوں نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جنرل حمید گل نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کا فلسفہ اور قائدؒ کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی ہم ایک مستحکم پاکستان کے خواب کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ مشرقی پاکستان کے الگ ہونے کے باوجود ہماری دوستیاں آج بھی پاکستان دشمنوں کے ساتھ ہیں، امن صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے لہٰذا حکومت سازشی عناصر سے خبردار رہ کر اقدامات اٹھائے۔