’ حکومت سنجیدہ ہے مذاکرات کیخلاف سازشیں ناکام بنا دینگے: سمیع الحق
کوڑہ خٹک/ لاہور (آئی این پی )جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیںگے، قوم کو امن کی خوشخبری مہینوں نہیں دنوں میں دیںگے‘ حکومت کی سنجیدگی اور فوجی آپریشن نہ کرنے کی پالیسی کی وجہ سے مذاکرات کی کامیابی کے واضح امکانات ہیں‘ دہشت گردی ختم ہو گی تو ملک سے مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل کا خاتمہ ہوگا۔ جمعیت علماء اسلام (س) کے سیکرٹری اطلاعات مولانا عاصم مخدوم سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں سے گفتگو سے مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ہم قیام امن کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں، وفاقی حکومت بھی امن کیلئے سنجیدہ ہے اور بہت جلد دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام ممکن ہو جائے گا۔