نثار کی ملاقات‘ وزیراعظم نے طالبان سے مذاکرات کیلئے مجوزہ مقام کی منظوری دیدی
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم ڈاکٹر محمد نوازشریف سے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے اہم ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو طالبان سے مذاکرات کے مقام کے بارے میں اعتماد میں لیا۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی اور طالبان شوریٰ کے درمیان ایف آر بنوں میں براہ راست مذاکرات کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق یوم پاکستان کی تقریب سے قبل وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور انکو پنجاب ہائوس اسلام آباد میں حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں طے پانیوالے امور سے آگاہ کیا۔ حکومت نے طالبان شوریٰ کو ایف آر بنوں میں مذاکرات تجویز پیش کی ہے۔ ذرائع کے مطابق طالبان کی مذاکراتی کمیٹی مذاکرات کے دوران ضامن اور معاون کا کردار ادا کریگی۔ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی نے طالبان شوریٰ کو خفیہ مقام پر ’’محفوظ مذاکرات‘‘ کی ضمانت دی ہے۔ حکومت اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کے مقام اور تاریخ کو خفیہ رکھا جائیگا۔ ثنا نیوز کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کیلئے مجوزہ مقام کی منظوری دیدی ہے۔ مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے وزیراعظم نے بعض حکومتی اقدامات کیلئے بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کے ساتھ تمام متعلقہ اداروں کو ایک بار پھر خصوصی معاونت کی باضابطہ طور پر ہدایت کی گئی ہے، طالبان ( ثالثی ) کمیٹی کو دوطرفہ ضامنوں کی حیثیت مل گئی ہے۔ مولانا سمیع الحق اور پروفیسر محمد ابراہیم غیراعلانیہ طور پر ضامن ہونگے۔ دونوں فریقین نے اس حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے سرکاری و طالبان مذاکراتی کمیٹیوں کے مشترکہ مشاورتی اجلاس میں مذاکرات کیلئے وضع طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ گورنر خیبرپی کے اور خیبر پی کے حکومت کو اس ضمن میں خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ گورنر خیبرپی کے انجینیئر شوکت اللہ کا مذاکراتی عمل کے حوالے سے وفاق کو خصوصی تعاون حاصل ہے، انکا قبائلی علاقے سے تعلق ہونے کی وجہ سے وفاقی حکومت کو انکی بھرپور مدد حاصل ہے ۔وزیراعظم کو کمیٹیوں کے ارکان کی محفوظ مقام پر طالبان کے ساتھ بات چیت کیلئے مشاورتی اجلاس میں مرتب کی گئیں تجاویز سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تجاویز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان پر عملدرآمد کی ہدایت کردی ہے اور وزیر داخلہ سے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے قدم آگے بڑھایا جائے۔ مذاکراتی عمل کی کامیابی کیلئے حکومت سے جو ممکن ہوگا وہ اقدام کیا جائیگا، محفوظ مقام کے سلسلے میں مذاکرات کاروں کو ریاست کا مکمل تحفظ حاصل ہوگا، اس ضمن میں احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نے مذاکراتی عمل کے سلسلے میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی کاوشوں کی تعریف کی ۔