ٹی 20 ورلڈکپ : سنسنی خیز مقابلہ‘ پاکستان نے آسٹریلیا کو 16 رنز سے ہرا دیا : ملک بھر میں جشن
میرپور (اے پی اے+ آئی این پی) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 16رنز سے شکست دیدی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 192 رنز ہدف کے تعاقب میں176رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کو جیت دلانے میں عمر اکمل کے 94 رنز اور سعید اجمل کی سنسنی خیز بولنگ اور عمر گل کے کلاسیک کردار نے اہم کردار ادا کیا۔ 192 رنز کے تعاقب میں ذوالفقار بابر نے آسٹریلیا کو پہلے ہی اوور میں 2 جھٹکے دیئے۔ ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن 4،4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے لیکن بلاول بھٹو کافی مہنگے ثابت ہوئے اور ایک ہی اوور میں 30رنز دے بیٹھے۔ میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، گرین شرٹس کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل اوپننگ کے لئے آئے لیکن گزشتہ میچ کی طرح اس مرتبہ بھی قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی اچھا آغاز نہ کرسکی اور صرف 7 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کو احمد شہزاد کی صورت میں پہلا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ کپتان محمد حفیظ کریز پر کامران اکمل کا ساتھ دینے آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے سکور کو 25 رنز تک پہنچایا تو محمد حفیظ 13 رنز بنانے کے بعد شین واٹسن کا شکار بن گئے۔ حفیظ کے بعد کریز پر کامران اکمل کا ساتھ نبھانے ان کے چھوٹے بھائی عمر اکمل آئے۔ دونوں بھائیوں نے آسٹریلوی بالرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں اکمل برادران نے 11.29 رنز فی اوور کی اوسط سے 96 رنز کی شراکت قائم کی۔ 121 رنز پر پاکستان کو تیسرا نقصان کامران اکمل کی صورت میں برداشت کرنا پڑا، انہوں نے 31 رنز بنائے۔ پاکستان کی 147 رنز پر صہیب مقصود کی صورت میں چوتھی وکٹ گری لیکن دوسری جانب عمر اکمل کی جانب سے دھواں دھار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رہا، صہیب مقصود کے بعد شاہد آفریدی میدان میں اترے جنہوں نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر 33 قیمتی رنز بنائے۔ اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پرعمر اکمل نے ہمت ہار دی انہوں نے54 گیندوں پر 94 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بنائے اور آسٹریلیا کو جیت کے لئے 192 رنز کا مشکل ہدف دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن کالٹر نیل نے 2 جبکہ شین واٹسن، ڈگ بالنجر اور مچل اسٹارک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں گلین میکسویل اور ایرون فنچ نے پاکستانی فیلڈرز کی خراب فیلڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بالرز کے بخیئے ادھیڑ دیئے اور 10.4 اوورز میں 118 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کی۔ گلین میکسویل نے 33 گیندوں پر 6چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 74 رنز بنائے، میکسویل کے بعد ایرون فنچ نے جارج بیلی کے ساتھ مل کر ہدف کا تعاقب شروع کیا تاہم بیلی ان کا ساتھ نہ دے سکے اور صرف 4 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر بوم بوم آفریدی کا دوسرا شکار بنے۔ ذوالفقار بابر نے پہلے ہی اوور میں ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن کو آئوٹ کر دیا۔ ڈیوڈ وارنر اور شین واٹسن 4،4 بنا کر آئوٹ ہوئے تاہم بعد میں گلین میکسویل اور ایرون فنچ نے پاکستانی بائولرز کی خوب پٹائی کی۔ انہوں نے بلاول بھٹی کے ایک اوور میں 30رنز بنا ڈالے۔ میکسویل اور فنچ نے وکٹ کے چاروں جانب دلکش سٹروک کھیلے اور 100 رنز سے زیادہ کی شراکت قائم کی۔ میکسویل نے صرف 32 گیندوں پر 6چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 74 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں شاہد آفریدی نے آئوٹ کیا۔ شاہد آفریدی نے ہی آسٹریلوی کپتان جارج بیلی کو آئوٹ کر کے ٹیم کو چوتھی وکٹ دلوائی۔ عمر گل نے بریڈ ہوج کو سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 17 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا لئے۔ 65کے انفرادی سکور پر سعید اجمل ایرون فنچ کو بولڈ کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ عمر گل نے کولٹر نائیل کو بھی بولڈکر دیا۔ بعد میں آسٹریلوی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں۔آسٹریلیا کے صرف دوبلے باز دوہرے ہندسے میں داخل ہو سکے۔ آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 175رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل، شاہد آفریدی، بلاول بھٹی اور ذوالفقار بابر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے عمر اکمل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان کی شاندار اور ورلڈ کپ میں باقی رہنے کیلئے جیت پر پاکستانی شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔ پاکستان بھر میں متوالے سڑکوں پر نکل آئے، بھنگڑے ڈالے، ہوائی فائرنگ کی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، گورنر سندھ عشرت العباد، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری، شیخ رشید احمد، آصفہ بھٹو زرداری، فضا بتول گیلانی سمیت اہم سیاسی اور حکومتی شخصیات نے آسٹریلیا کے خلاف شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ مبارکباد کے پیغامات میں وزیراعظم اور دیگر شخصیات نے کہا قومی ٹیم نے یوم پاکستان پر قوم کو اپنی شاندار کامیابی سے بہترین تحفہ دیا ہے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے آسٹریلیا کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔