وزارت مذہبی امور نے 10 اقلیتی ارکان قومی اسمبلی کی 5 کروڑ 41 لاکھ روپے کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (آئی این پی) وزارت مذہبی امور نے قومی اسمبلی کے 10 اقلیتی ارکان کی 5کروڑ 41 لاکھ روپے کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی۔ 9 اقلیتی ارکان نے اپنے مذہبی مقدس مقامات کی تعمیر نو اور مرمت سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے 58-58 لاکھ روپے کی سکیمیں جمع کرائیں جبکہ مسلم لیگ ن کے اقلیتی رکن اور شراب بنانے کی معروف فیکٹری کے مالک اسفند یار پھنڈارا نے صرف 10 لاکھ 97 ہزار روپے کی سکیمیں جمع کرائیں جن کی وجہ سے انکا باقی 47 لاکھ روپے کا مختص فنڈ لیپس ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری طرف ذرائع کے مطابق سیکرٹری مذہبی امور سکندر اسماعیل نے حکومت کو اقلیتی ارکان اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کو ایک کروڑ روپے فی ممبر کرنے کیلئے ویلفیئر فنڈ کی رقم 5کروڑ 80 لاکھ سے بڑھا کر 10 کروڑ کرنے کی سمری منظور کیلئے وزیر اعظم کو ارسال کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے اقلیتی ارکان کی ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت ڈاکٹر درشن پوانچھی، ڈاکٹر رمیش کمار، بھون داس، طارق سی قیصر، خلیل جارج، رمیش لال، لال چند ملہی، سنجے پروانی اور آسیہ ناصر کی طرف سے جمع کرائی گئی 58.58 لاکھ روپے کی سکیموں کیلئے فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ واضح رہے وزارت کے پاس اقلیتی ویلفیئر فنڈ میں 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم ہوتی ہے جس سے ہر سال 10 اقلیتی ارکان اسمبلی کو 58 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے فنڈز جاری کیے جاتے ہیں۔ ارکان اسمبلی ان فنڈز کیلئے ترقیاتی سکیمیں جمع کراتے ہیں۔