قومی کرکٹ ٹیم اچھا کھیلی ‘ آئندہ میچز میں ردھم برقرار رکھنا ہو گا: سابق چیئرمین ٹیسٹ کرکٹرز
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اگلے دونوں میچز میں اس ردھم کو برقرار رکھنا ہوگا۔ سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ بیٹنگ میں اکمل برادران کی عمدہ بیٹنگ کے باعث پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان ٹیم 191 رنز کا اچھا ٹوٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ بائولنگ کے شعبہ میں ذوالفقار بابر، شاہد آفریدی، عمر گل اور سعید اجمل نے جس ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تعریف تھا۔ سابق فاسٹ بائولر سرفراز نواز کہنا تھا کہ آفریدی اور سعید اجمل کا تجربہ کام آگیا جنہوں نے مشکل وقت میں آسٹریلوی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بھارت کے خلاف شکست کے بعد توقع یہی تھی کہ پاکستان ٹیم کم بیک کرے گی جس کا کھلاڑیوں نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر اشرف علی کا کہنا تھا کہ عمر اکمل نے یادگار اننگز کھیل کر جیت کی بنیاد رکھ دی تھی۔ بائولر کی ذمہ داری تھی جو ذوالفقار بابر سے شروع ہوکر عمر گل، آفریدی، سعید اجمل اور بلاول بھٹی تمام نے نبھائی۔