آئی سی سی فائدہ دے تو ’’بگ تھری ‘‘ کی حمایت کر سکتے ہیں: نجم سیٹھی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ کی بجائے کسی اور عہدے پر کام دیں گے، کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہار کی بنیادی وجہ ٹیم کی حد سے زیادہ خوداعتمادتھی جس کی وجہ سے روایتی حریف بھارت سے شکست کا سامنا ہوا۔ سابق کرکٹر شعیب محمد محنتی ہیں لیکن فیلڈنگ کے لیے تجربہ کار کوچ کی ضرورت ہے۔ کھلاڑیوں نے کارکردگی اچھی دکھائی تو ان کی مانی جائے گی ورنہ ناقص پرفارمنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔جس کی پرفارمنس اچھی ہوگی انکریمنٹ اسے ہی ملے گا۔ سینٹرل کنٹریکٹ کی چوتھی کیٹگری ختم کر رہے ہیں،کھلاڑیوں کو 6،6 ماہ کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ پرفارمنس کی بنیاد پر دیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کو سالانہ 10ملین ڈالرزکا نقصان ہورہا ہے،نقصان کسی بھی صورت پورا کرنا ہے۔ آئی سی سی اگر بورڈ کو فائدہ دے تو بگ تھری کی حمایت میں سائن کریں گے۔ سپر لیگ کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کرانے کے بارے میں بھی اطلاع دی جسے ورلڈ کپ 2015 سے پہلے کرایا جائے گا۔کوشش ہے سیمی فائنلزاورفائنل لاہورمیں ہوں۔ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ہمیں اپنے لڑکوں کو زیادہ سے زیادہ سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں کھلاڑیوں نے لڑ کر اور بہتر کھیل پیش کرکے کامیابی حاصل کی ہے کھلاڑیوں کو تنقید نہیں سپورٹ کی ضرورت ہے۔