مکہ مکرمہ (خصوصی رپورٹ) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ اور نوائے وقت مکہ مکرمہ کے زیراہتمام آزادی صحافت کے علمبردار اور نظریہ پاکستان کے نقیب روزنامہ نوائے وقت کی طویل اور قابل فخر صحافتی زندگی کے 70 سال مکمل ہونے پر 70 ویں سالگرہ کی پروقار تقریب انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے نائب امیر مرکزیہ و ممتاز اسلامی مفکر مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ کی زیر صدارت ختم نبوت کے دفتر مکہ مکرمہ میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کمیونٹی مکہ مکرمہ کے سرپرست ملک عبدالغنی مہمان خصوصی تھے۔ جوکہ بیماری کے باوجود اس متبرک دن کی خوشیوں میں شامل ہوئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز طالبعلم حمزہ بٹ مکی نے تلاوت قرآن حکیم سے کیا۔ نظامت کے فرائض نمائندہ نوائے وقت مبشر اقبال لون استادانوالہ نے سرانجام دیئے۔ اس موقعہ پر مولانا عبدالرﺅف ملک نے کہا کہ تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک نوائے وقت کے 70 سال آزادی صحافت و قومی نظریہ کے تحفظ اور استقامت و استقلال کی ناقابل فراموش روایات کے امین ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد رفیق بلوچ نے کہا کہ نوائے وقت نے وطن عزیز پاکستان میں استحکام پاکستان کیلئے مظلوم و مجبور عوام کی دادرسی کیلئے اور ظالم و جابر قوتوں کے خلاف کلمہ حق کے مشن کو عملاً جس طرح چلایا ہوا ہے۔ ملک کے دیگر مالکان اخبار اور قلمکاروں کو جناب مجید نظامی کی تقلید کرنی چاہئے۔ مبشر اقبال لون استادنوالہ نے کہا کہ قرارداد پاکستان کے ساتھ عالم وجود میں آیا جابر سلطان کے سامنے کلمہ حق کہنے پر چٹان کی طرح قائم اور مسلم امہ کے تشخص کو اجاگر کرنے میں سرگرداں ہے اور ملی و اسلامی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والی قوتوں کا محاسبہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت قائداعظمؒ اور حضرت علامہ اقبالؒ کے فرمودات 70 سال بعد بھی اب تک اخبار میں روزانہ چھپتے ہیں۔ نوائے وقت کا مطالعہ ہی ہم سب کی نظریاتی تربیت کا ایک ذریعہ ہے۔ میر محمد طور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور دو قومی نظریہ کے تحفظ کیلئے نوائے وقت اور جناب مجید نظامی کو جتنا بھی خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے۔ تقریب میں انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے امیر مرکزیہ فضیلتہ الشیخ مولانا عبدالحفیظ مکی کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا(جو کہ ان دنوں پاکستان کے دورہ پر ہیں) انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد اور نوائے وقت کا آغاز ایک ہی سلسلے کی دوکڑیاں ہیں۔ قیام پاکستان کےلئے جدوجہد کا جب بھی ذکر آئے گا اس میں حمید نظامیؒ اور نوائے وقت کا نام ضرور آئے گا۔ حمید نظامی کے انتقال کے بعد ان کے چھوٹے بھائی جناب مجید نظامی بھی اسی روش پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ نوائے وقت نے عقیدہ ختم نبوت اور اسلامی عقائد کے تحفظ کیلئے اپنے قیمتی صفحات وقف کررکھے ہیں جس کیلئے ہم ادارہ نوائے وقت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے صدارتی خطاب میں کہا یہ حقیقت اپنی جگہ ہے کہ نوائے وقت نے تحریک پاکستان میں برصغیر کے مسلمانوں میں دو قومی نظریہ کو فروغ دے کر پاکستان کی تحریک آزادی کو کامیاب کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوائے وقت وہ واحد اخبار ہے جو اپنے نظریات کے پرچار کیلئے 70 سال سے کام کر رہا ہے اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ مسلمانوں کو منکرین ختم نبوت کے داہم ہم رنگ زمین سے بچانے اور عالمی رائے عامہ کو قادیانیوں اور ان کے دجل و فریب سے آگاہ کرنے کیلئے جناب مجید نظامی کا نوائے وقت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے مرد مومن جناب مجید نظامی اور نوائے وقت کے کارکنان کو ہم ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔ ملک عبدالغنی نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ قیام پاکستان کی جدوجہد کے تمام مراحل اور نوائے وقت کی خدمات پر موجود حضرات محترم نے بڑی سیر حاصل گفتگو کی ہے خوشی کی بات یہ ہے کہ 70 سال گزرنے کے بعد آج پھر وہ جذبہ اسی طرح توانا دیکھا ہے جس کے تحت تحریک پاکستان کامیاب ہوئی اور پاکستان معرض وجود میں آیا۔ تقریب کے آخر میں مولانا ڈاکٹر سعید احمد عنایت اللہ نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ادارہ نوائے وقت کو دن دگنی رات چوگنی ترقیاں نصیب کرے اور جناب مجید نظامی کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ تمام شرکاءنے مسجد الحرام میں جا کر حمید نظامی کے ایصال ثواب اور جناب مجید نظامی کی درازی عمر کیلئے بیت اللہ شریف کے طواف اور نوافل ادا کئے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024