کامن ویلتھ گیمز ‘15قومی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
کراچی (سپورٹس رپورٹر)کامن ویلتھ گیمز کیلئے پندرہ قومی کھلاڑیوں کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیاگیاہے۔پاکستان سپورٹس بورڈ دس ڈوپ ٹیسٹ کا خرچ برداشت کرے گا، پانچ اتھلیٹس کے ڈوپنگ اخراجات پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اپنے ذمہ لینے کا عندیہ دیاہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ نے جوڈو، ویٹ لیفٹنگ،اتھلیٹکس اور ریسلرز جبکہ پی او اے نے ہاکی اور باکسنگ کے دو دو جبکہ ایک سکواش کھلاڑی کا بھی ڈوپ ٹیسٹ لینے کیلئے اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان کو خط لکھاہے۔
اینٹی ڈوپنگ ایجنسی آف پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر وقار احمد نے کامن ویلتھ گیمز دستے کے ارکان کے ڈوپ ٹیسٹ لینے کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ گیمز کو ڈوپ فری بنانے کے نظریے کے تحت پاکستانی اتھیلٹس کے بھی ڈوپ ٹیسٹ لینا ضروری ہے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی معاونت سے کوشش کی جائیگی کہ جلد سے جلد اتھلیٹس کے ڈوپ سمپل جمع کرکے ٹیسٹنگ کیلئے بھجوا دیئے جائیں تاکہ برطانیہ روانگی سے پہلے ٹیسٹنگ رپورٹس مل سکیں۔ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کے پلیٹ فارم سے پاکستانی کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے نقصانات سے آگاہی کیلئے مختلف سیمینارز باقاعدگی سے کروائے جاتے ہیں، کوشش ہے کہ پاکستان میں اینٹی ڈوپنگ کلچر کو فروغ دیکر صاف اور شفاف کھیلوں کو یقینی بنایاجاسکے۔