قطر فٹ بال ورلڈکپ ‘ٹکٹوں کیلئے 4کروڑ درخواستیں موصول
کراچی(سپورٹس ڈیسک ) فیفا فٹ ورلڈکپ کا جنون سر چڑھ کر بولنے لگا، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ٹکٹوں کی خریداری کے لیے چار کروڑ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ چیف آرگنائزر حسن التھوادی نے بتایا کہ قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی ‘ریکارڈ توڑ’ فروخت ہوئی ہے، جہاں تقریباً 1.2 ملین ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداروں نے بتایا کہ ٹکٹوں کی آن لائن مراحل کے دوران تقریباً 40 ملین درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ فٹ بال ورلڈکپ کے حوالے سے لوگ نہایت پْرجوش ہیں۔
اور قبل از وقت ٹکٹیں خرید رہے ہیں تاکہ سنسنی خیز میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔ مجموعی طور پر 20 لاکھ ٹکٹ فروخت کیے جائیں گے، مزید 10 لاکھ ٹکٹ عالمی ادارہ فیفا اور سپانسرز کیلئے مختص کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ قطر کے دارالحکومت فٹ بال میلے کا میزبان ہے، جہاں 32 ٹیمیں ٹرافی کے حصول میں رواں سال نومبر دسمبر میں آمنے سامنے ہونگی۔