دنیا کے بہترین فٹ بالز میں سب سے بہتر بال 20 پینلز پر مشتمل
سیالکوٹ (پی پی آئی) قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچوں میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال ’الریحلہ‘ استعمال کیا جائے گا جسے دنیا کے بہترین فٹ بال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ تیار کیا جانے والا بال 20 پینلز پر مشتمل ہے اور اسے سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس نے ایڈیڈاز کے لیے تیار کیا ہے جو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال ہوگا۔پی پی آئی کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ورلڈ کپ میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال استعمال ہو رہا ہے بلکہ یہ تیسری دفعہ ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں فارورڈ اسپورٹس کا برانڈ استعمال کیا جائے گا۔ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بائیو بیسڈ ری سائیکلنگ میٹریل ہے اور اس کی تیاری میں ماحول دوست پانی پر مبنی کیمیکل استعمال کیا گیا ہے۔