
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پانچ روزہ پولیو مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ محمود خان نے بچوں کو پولیوں کے قطرے پلائے۔اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ امر سلطان ترین نے کہا کہ صوبے کے 25 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز 27 جون سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کیلئے 11300 سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی کیلئے 14 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔امر سلطان ترین نے مزید کہا کہ رواں سال وزیرستان میں دس پولیو کیسز کی بڑی وجہ بچوں کو قطرے نہ پلانا ہے، شمالی وزیرستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان کے 18 اضلاع میں 5 روزہ پولیو مہم 27 جون سے شروع ہوگی۔انسداد پولیو مہم کے دوران 12لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ پولیو مہم کے دوران 4904 ٹیمیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر مامور ہونگے۔سیکرٹری صحت بلوچستان صالح محمد ناصر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو وائرس ملک میں موجود ہے. پولیو ان بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیو سے بچاؤ کے قطرے سے محروم رہ جاتے ہیں۔سیکرٹری صحت کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں پو لیو کے قطرے پھلانے کی شرح 97 فیصد سے زیادہ ہوتی ہے، انسداد پولیو مہم خصوصی مہم ہے اسے کامیاب بنایا جائے۔