مظفر گڑھ میں یونیورسٹی کے قیام کیلئے مہر ارشاد سیال نے جھولی پھیلا دی
اسلام آباد (چودھری شاہد اجمل) قومی اسمبلی میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب مظفر گڑھ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن مہر ارشاد سیال نے مظفرگڑھ میں یونیورسٹی کے قیام کی جھولی پھیلا کر استدعا کردی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے اپنی جھولی پھیلاتے ہوئے کہا ’’میںاللہ کے 99ناموں کے نیچے کھڑے ہوکر جھولی پھیلا کر یہ استدعا کرتے ہیں کہ مظفرگڑھ کے بچوں کو ان کی دہلیز پر اعلی تعلیم کے لئے مکمل یونیورسٹی دی جائے۔‘‘گورنمنٹ ہائی سکول ژوب بلوچستان کے طلبا اور اساتذہ نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے طلبا اور اساتذہ کا خیر مقدم کیا جبکہ ارکان نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈرمولانا عبدالاکبرچترالی نے آئی ایم ایف کے مطالبات سے ایوان کوآگاہ کرنے کامطالبہ کیا، مولانا عبدالاکبر چترالی نے کہا کہ آئی ایم ایف نے حکومت پاکستان سے نئے مطالبات رکھ دیئے ہیں ان سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے ایوان میں وزرا ء کی عدم حاضری کا معاملہ بھی اٹھایا۔ایوان میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کرائی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے کہنے پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔ قومی اسمبلی میں ملک بھر کے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں ڈبل کرنے کا مطالبہ کیاجبکہ اپوزیشن نے نئے میثاق معیشت کی تجویزدیدی،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پروڈکشن آرڈر جاری ہونے کے باوجود رکن اسمبلی علی وزیر کو اجلاس میںنہ لائے جانے کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رپورٹ طلب کر لی۔ رکن اسمبلی محسن داوڑ نے پروڈکشن آرڈرز جاری ہوجانے کے باوجود علی وزیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نہ لانے کا معاملہ ایوان میں اٹھا یا ۔ سینیٹ اجلاس میںمالیاتی بل2022پر بجٹ سفارشات پرقائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ کثرت رائے سے منظورکر لی گئیں،پی ٹی آئی نے کمیٹی رپورٹ پیش کرنے کے دوران کورم کی نشاندہی کردی ،چیئرمین سینیٹ نے ہال کے دروازے بندکرکے پی ٹی آئی کے جانے والے ارکان کوروک دیا، پی ٹی آئی اراکین نے ایوان سے احتجاجا واک آوٹ کر دیا۔
پارلیمنٹ کی ڈائری