واپڈا یونینز کو زندہ رکھنے والے ہزاروں ملازمین مستقل نہ ہو سکے
ملتان(نیوز رپورٹر) ملتان سمیت ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین طویل عرصے سے مستقل نہ ہو سکے۔ احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں کے لئے یونین کی نفری پوری کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین اپنے حقوق سے محروم ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ملتان سمیت ملک بھر کی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین کو طویل عرصے سے مستقل نہ کیا جاسکا ہے جسکی وجہ سے ملک بھر میں نئی بجلی فراہمی کی سکیموں پر کام کرنے اور بجلی کے نئے منصوبوں کے لئے کام کرنے والے محنتی ڈیلی ویجز ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ سابقہ حکومت کی جانب سے بجلی کمپنیوں کے مختلف ٹیکنیکل شعبوں میں خدمات سر انجام دینے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کیڈر دینے کے احکامات اور بجلی کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی شدید مخالفت کے باعث ڈیلی ویجز ملازمین پر بیروزگاری کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 سے 7 سال کے طویل عرصے سے خدمات سر انجام دینے والے ٹیکنیکل شعبوں کے ڈیلی ویجز ملازمین تربیت یافتہ ہو گئے ہیں اور انہیں چالو لائنوں (شعبہ آپریشن) میں کام کرنے لئے صرف ٹریننگ درکار ہے اور آپریشن ونگ میں خالی آسامیوں پر ایڈجسٹ کر کے لائن سٹاف کی کمی پوری کی جاسکتی ہے لیکن بجلی کمپنیوں میں ملازمین کے مفادات کے لئے کام کرنے والی پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین اور پاکستان واپڈا ایمپلائز پیغام یونین صرف دکھاوے کے لئے مہینے دو مہینے بعد احتجاجی مظاہرہ کر کے اپنی ملازمین دوست پالیسیاں ظاہر کرتی ہیں جبکہ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ یونینز کی بجلی کمپنیوں کے ساتھ ماہانہ میٹنگز میں چارٹر آف ڈیمانڈ میں سے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنیکا ایجنڈا ہی نکال دیاگیا ہے جس پر ملک بھر کی بجلی کمپنیوں کے ہزاروں ڈیلی ویجز ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔