مین ہول میں گر کر ہلاکت‘ ایکسین اور سب انجینئر ذمہ دار قرار
رحیم یارخان(کرائم رپورٹر)میگاسیوریج لائن کے مین ہول میں گرکرہلاکتوں کامعاملہ، پولیس نے اندراج مقدمہ میں ایکسین میونسپل کمیٹی اور سب انجینئرمیونسپل کمیٹی کو ذمہ دارقرار دے دیا۔ دیگر بے گناہ افسران نے عدالت میں دائر کی جانیوالی عبوری ضمانتیں واپس لے لیں۔چند روز قبل لطیف آبادکارہائشی کلیم اللہ اپنی دو کمسن بیٹیوں سمیت تھلی روڈ پر میگاسیوریج لائن کے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوگیا تھا جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرکی مدعیت میں ذمہ داران چیف آفیسرضلع کونسل نصراللہ، ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی رانامحمودعلی، ایکسین پبلک ہیلتھ ندیم عباس، ایکسین ہائی وے حسنین مسلم زیدی، ایکسین میونسپل کمیٹی عبدالرزاق، سب انجینئر میونسپل کمیٹی شہباز چانڈیہ، سینٹری انسپکٹرعبیدالرحمن اور ٹھیکیدار سمیت دیگر 9 کس افراد کے خلاف مقدمہ پولیس تھانہ سی ڈویژن میں اندراج کیاگیا تھا جس پرپولیس نے سینٹری انسپکٹری عبیدالرحمن کو گرفتارکرلیاتھا جبکہ دیگر نامزد ملزمان افسران نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج کی عدالت سے عبوری ضمانتیں حاصل کرلیں تھیں، گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایاگیا کہ درج مقدمہ میں کی جانیوالی تحقیقات میں ہلاکتوں کے واقعہ کا اصل ذمہ دار ایکسین میونسپل کمیٹی عبدالرزاق اور سب انجینئر شہباز چانڈیہ ہیں، جبکہ درج مقدمہ کے دیگر ملزمان افسران کو بے گناہ قراردیا گیاہے۔ ملزمان کی عبوری ضمانتوں پرسماعت آج ہوگی۔
ذمہ دار قرار