سی ای جے‘ آئی بی اے کی 2روزہ کانفرنس 25جون کو ہوگی
کراچی(کامرس رپورٹر): ملک کے نامور تعلیمی ادارے آئی بی اے کاسینٹرآف ایکسلنس ان جرنلزم (CEJ-IBA) 25اور 26جون کو "ڈیجیٹل دورمیں تنازعات اورامن پر مبنی صحافت کاکردار "کے موضوع پر 2روزہ کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ 2روزہ کانفرنس میں مجموعی طور پر 7 مذاکروں کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں سینئر صحافی، سیاستدان، شعبہ تعلیم اور میڈیا کے دیگر شعبوں تعلق رکھنے والے ماہرین میڈیا قوانین، قواعدو ضوابط، اطلاعات تک رسائی کیلئے بے شمار ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور خبر کو پیش کرنے کے نت نئے انداز، جھوٹ پر مبنی خبروں کی بھرمار میں صحافت کا کردار اور ذمہ داریاں، دبائو کے سبب سیاسی طنزو مزاح کی ڈیجیٹل میڈیم پر منتقلی، جنگ اور اس کے بعد کی صورتحال کی رپورٹنگ پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔یہ کانفرنس پیس جرنلزم پروگرام کا حصہ ہے جس کا انعقاد سی ای جے نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے تعاون سے کیا تھااس پروگرام کا آغاز مئی 2021میں ہوا تھااور جون کے آخر میں یہ پروگرام اختتام پذیر ہوگا ۔پروگرام میں امن اور تنازعات کی رپورٹنگ، موبائل جرنلزم، سوشل میڈیا اور فوٹو جرنلزم پر آن لائن ورکشاپس شامل تھیں۔ پروگرام کے تحت ملک بھر سے 63 صحافیوں کو سینئر ایڈیٹرز کی رہنمائی میں کام کرنے اور سیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا گیا۔سی ای جے کی ڈائریکٹر امبر رحیم شمسی نے کانفرنس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ تنازعات روایتی طور پر صحافت کا ایندھن ہوتے ہیں تاہم سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی غلط اور مبہم اطلاعات کے ذریعے مخالف سیاسی نظریات کو اپنی انتہا پر لے جایا جارہا ہے، یہ سی ای اجے کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ وہ ڈیجیٹل دور میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بات کرنے کیلئے معروف صحافیوں، سیاسی رہنمائوں، فلم اور میوزک انڈسٹری کے نمائندوں اور طنزنگاروں کی میزبانی کرے گا۔