محاصرے ، تلاشی کارروائیاں جاری ، متعدد افراد گرفتار
سرینگر(این این آئی) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ‘‘(این آئی اے ) نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں سرینگر کے صورہ اسپتال سمیت متعدد مقامات پر چھاپوں کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کرلیاہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق این آئی اے کے اہلکاروں نے بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ سری نگر، کولگام، پلوامہ اور گاندربل اضلاع میں کئی گھروں پر چھاپے مارے جبکہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سول سوسائٹی نے توہین رسالت کے مرتکب بی جے پی رہنمائوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموںوکشمیر سول سوسائٹی نے سری نگر میں منعقدہ جنرل کونسل کے اجلاس میں ایک قرار کے ذریعے توہین رسالت کے گھنائونے جرم میں ملوث بی جے پی رہنمائوں کی فوری گرفتار کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں لداخ خطے کے ضلع لیہہ میں بھارتی فوج کی گاڑی برفانی تودے کی زد میں آنے کے باعث ایک فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے گورنر کو بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی اخبار کے مطابق منوج سہنا کی جگہ اقلیتی امور کے بھارتی وزیر مختار عباس نقوی کو مقبوضہ جموں کشمیر کے نئے لیفٹیننٹ گورنر کے طورپر تعینات کئے جانے کا امکان ہے۔