سیاسی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے
یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی نے پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزراء حسن مرتضیٰ، ملک احمد خان اور عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پنجاب میں دونوں جماعتوں نے 20 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمارے ہاں سیاست میں صرف اختلافات کو ہی ہوا دی جاتی ہے اور سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی قرار دے کر سیاست دان ایک دوسرے کے خلاف جو کچھ کرتے ہیں اس کی قیمت بالآخر ملک کو ادا کرنا پڑتی ہے۔ اس وقت ملک جس مشکل دور سے گزر رہا ہے اس میں سیاسی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اور شخصیات اس ملک سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کا وجود اسی وقت قائم رہ سکتا ہے جب یہ ملک اور نظام قائم رہے گا، لہٰذا سیاسی جماعتوں کو کچھ وقت کے لیے اپنے اختلافات بھلا کر صرف اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ ملک کو اس کٹھن مرحلے سے کیسے نکالا جائے۔ سیاسی اور معاشی استحکام پیدا ہونے کے بعد سیاست دان اپنے ذاتی تعصبات کا اظہار جس صورت میں چاہیں کرلیں لیکن فی الوقت مل کر ملک کی حالت سدھارنے پر توجہ دیں تو عوام کا سیاسی نظام اور جمہوری اداروں پر اتحاد بحال ہوگا۔