ادویات کے خام مال پر 17فی صد سیلز ٹیکس ختم کیا جائے،منصور دلاور
اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)پاکستان فارماسو ٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے خام مال پر سیلز ٹیکس ختم نہ کیے جانے پر دوائوں کی مارکیٹ میں قلت کا خدشہ ظاہر کردیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی پی ایم اے محمد منصور دلاور نے کہا کہ خام مال پر 17فی صد سیلز ٹیکس ختم کیا جائے یا پھر زیرو ریٹنگ پر لایا جائے۔ انہوں نے طے شدہ ایکٹ کے مطابق تمام جمع شدہ ٹیکس فاسٹ ٹریک پر واپس کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کئی بار آگاہ کرنے کے باوجود دوا ساز کمپنیوں کے مسائل بدستور برقرار ہیں۔ حکومت نے 17 فی صد سیلز ٹیکس کا تاحال خاتمہ نہیں کیا جب کہ سیلز ٹیکس کی مد میں 40 ارب روے بھی واپس نہیں کیے گئے۔چیئرمین پی پی ایم اے نے کہا کہ خام مال 6 ماہ سے ایک سال کے دوران استعمال ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کیش فلو کے مسئلے کے باعث 40 ادویات کی مارکیٹ میں قلت پیدا ہو چکی ہے۔