ضمنی انتخاب میں عوام نااہل حکمرانوں کیخلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ دیں گے: پرویزالٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صدر مسلم لیگ (ق) راولپنڈی زبیر خان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور ضمنی انتخابات کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ ق نے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی حمایت کر دی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پارٹی رہنما تحریک انصاف کے امیدواروں کی بھرپور مہم چلائیں، تجربہ کاری کا دعویٰ کرنے والے عوام کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہوچکے ہیں، موجودہ جعلی حکمرانوں سے خیر کی کوئی توقع نہیں، حکمران عوام کو ریلیف تو نہیں دے سکے لیکن روز نیا ٹیکس لگا دیا جاتا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام ضمنی انتخاب میں نااہل حکمرانوں کے خلاف ووٹ کی طاقت سے فیصلہ دیں گے، سترہ جولائی کے الیکشن میں حکومت دھاندلی اور پولیس کے استعمال سے باز رہے ورنہ سخت عوامی ردعمل سامنے آئے گا، پنجاب کی غیر آئینی حکومت پولیس کا سیاسی مخالفین کے خلاف بدترین استعمال کر رہی ہے۔