آبی وسائل کی کمی کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائے،خورشید شاہ
اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان انجینئرنگ کونسل میں زیر زمین پانی کے موضوع پر قومی سطح کا سیمینار منعقد ہوا۔جس میں پاکستان بھر سے متعلقہ شعبہ سے منسلک اسکالر ز اور انجینئرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس تقریب کے پہلے سیشن کے مہمان خصوصی آغا حسن بلوچ ، فیڈرل منسٹر فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور دوسرے سیشن کے مہمان خصوصی سید خورشید احمد شاہ فیڈرل منسٹر برائے آبی وسائل تھے۔ چیئر مین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر محمد نجیب ہارون نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالمی وقومی سطح پر ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے ۔ میٹھے پانی کی غیر دستیابی ہماری زراعت اور صنعتی ترقی کے لئے بہت دشواریاں پیدا کررہی ہیں ۔ پانی کی ضروریات کو پورا کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔ انہو ںنے شرکاء کو بتایا کہ آبی وسائل کی کمی اور دیگر ماحولیاتی آلودگی سے پیدا شدہ مسائل کے حل کے سلسلے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تھنک ٹینک میں آبی وسائل کی ترقی کیلئے قائم کی گئی کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لئے قابل عمل تجاویزپیش کرے۔